حیدرآباد 31جنوری ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش کے ضلع نیلور کے کاوالی کے رہنے والے ایک شخص کی سوائن فلو سے موت ہوگئی ۔ اس کی شناخت موہن ریڈی کے طور پر کی گئی ہے جو کچھ دنوں سے شدید بخار سے متاثر تھا ۔ چینئی کے اسپتال میں علاج کے دوران اس میں سوائن فلو کی علامات پائی گئیں جس سے اس کی موت ہوگئی ۔ سوائن فلو کے سبب آندھراپردیش میں بھی چوکسی اختیار کی گئی ہے ۔ اب تک اے پی میں سوائن فلو کے چار تا پانچ معاملات درج کئے گئے ہیں۔محکمہ صحت و طبابت نے عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ دوسری طرف حیدرآباد کے گاندھی اسپتال میں بھی سوائن فلو کے مریضوں کا علاج جاری ہے ۔ درجہ حرارت میں گراوٹ سے ایچ ون این ون وائرس پھیل رہا ہے ۔ گاندھی اسپتال میں 18دنوں سے 17 سے زائد سوائن فلو کے معاملات درج کئے گئے ہیں۔ سوائن فلو سے متاثر افراد کو علحدہ وارڈ میں رکھا جارہا ہے ۔ گزشتہ سال اگست سے اس سال جنوری تک کئی افراد سوائن فلو سے متاثر ہوئے ہیں۔ حیدرآباد اور رنگاریڈی میں سوائن فلو کے معاملات درج کئے گئے ہیں۔ آنے والے ایک ہفتہ تک سردی کی شدت جاری رہے گی جس سے سوائن فلو کے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ہے ۔ ذیابیطس ‘ حاملہ خواتین اور دمہ کے مریضوں کو اس وائرس سے چوکس رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔