10 نومبر سے آغاز ، دس یوم تک جاری رکھنے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت آندھرا پردیش نے 10 نومبر سے 10 دن تک اسمبلی و کونسل کا سرمائی سیشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کابینہ اجلاس طلب کرتے ہوئے اسمبلی و کونسل کے اجلاسوں کا جائزہ لیا ہے ۔ صبح 9-45 بجے سے اسمبلی کا اور 10-30 بجے سے کونسل کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ 10 نومبر کو بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ایجنڈے کو قطعیت دی جائے گی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ حکومت 7 تا 10 دن تک سرمائی اجلاس منعقد کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ حکومت اسمبلی میں 3 بلز پیش کرے گی ۔ طلبہ کے خودکشی واقعات ، پولاورم پراجکٹ ، کسانوں کے قرض کی معافی ، امراوتی کی تعمیرات کے علاوہ دوسرے مسائل کو موضوع بحث بنانے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ اصل اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر بطور احتجاج اسمبلی سیشن کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔