آندھرا پردیش سکریٹریٹ کی جاریہ ماہ امراوتی منتقلی

حیدرآباد۔ یکم فبروری، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی سکریٹریٹ کو جو ابھی تک حیدرآباد میں ہی موجود ہے جاریہ ماہ کے تیسرے ہفتہ میں اس سکریٹریٹ کو ریاستی راجدھانی امراوتی کو منتقل کردیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں سکریٹری آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کی جانب سے باقاعدہ طور پر سرکیولر جاری کیا گیا۔ اسمبلی کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اے پی اسمبلی سکریٹریٹ کی منتقلی سے متعلق جاری کردہ تازہ ترین سرکیولر کی روشنی میں آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کی مکمل طور پر امراوتی کو منتقلی عمل میں آجائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش ریاستی راجدھانی امراوتی میں تعمیر کی جانے والی اسمبلی عمارات کی عاجلانہ تکمیال کیلئے تیز تر اقدامات کئے جارہے ہیں کیونکہ آئندہ منعقد ہونے والے آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کو امراوتی میں منظم کرنے کا حکومت نے تقریباً فیصلہ کرلیا ہے۔ لہذا اس فیصلہ کی روشنی میں آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کی سکریٹریٹ کو حیدرآباد سے امراوتی جلد سے جلد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے بھی امراوتی میں تعمیر کی جانے والی اسمبلی عمارت کے تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے جلد سے جلد مکمل کرنے کے اقدامات کررہی ہے کیونکہ حکومت آندھرا پردیش نئے سال کے بجٹ کی پیشکشی کیلئے اسمبلی اجلاس امراوتی میں ہی منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس طرح اسمبلی اجلاس کا انعقاد عمل میں لانے کیلئے امراوتی کو ایک اور تاریخی اہمیت حاصل ہوگی۔