اندرون تین ماہ صدور دفاتر کی منتقلی ، وزیر بلدی نظم و نسق اے پی نارائنا کا بیان
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : آندھرا پردیش کے صدر مقام ( نئی راجدھانی ) کا تعین کرنے سے متعلق مرکزی حکومت کی تشکیل دی گئی شیوا راما کرشنن کمیٹی اپنی رپورٹ جاریہ ماہ 27 اگست کو مرکزی حکومت ( مرکزی وزارت داخلہ ) کو پیش کردے گی ۔ وزیر بلدی نظم و نسق آندھرا پردیش مسٹر نارائنا نے یہ بات بتائی اور کہا کہ کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کرنے کے بعد حکومت آندھرا پردیش سے بات چیت کرنے کے بعد آندھرا پردیش راجدھانی کے تعلق سے واضح ہوجائے گا ۔ وزیر بلدی نظم و نسق حکومت آندھرا پردیش مسٹر نارائنا نے کہا کہ آئندہ تین ماہ میں صدور ، محکمہ جات کو نئی راجدھانی منتقل کردیا جائے گا اور اس طرح ان دفاتر کی منتقلی کے بعد نظم و نسق حیدرآباد کے بجائے آندھرا پردیش راجدھانی سے ہی چلایا جائے گا ۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ راجدھانی کی مشاورتی کمیٹی بھی بہت جلد احمد آباد نیو رائے پور ، بھوبنیشور ، چندی گڑھ کا دورہ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بھی واضح طور پر اشارہ دیا گیا کہ وجئے واڑہ ۔ گنٹور کے درمیان ہی آندھرا پردیش کی نئی راجدھانی ( صدر مقام ) بنائی جائے گی اور فی الوقت عارضی طور پر وجئے واڑہ کو راجدھانی بنانے کی چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر ین چندرا بابو نائیڈو نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دے چکے ہیں ۔ مسٹر نارائنا وزیر بلدی نظم و نسق نے اس توقع کا اظہار کیا کہ شیوا راما کرشنن کمیٹی بھی وجئے واڑہ ، گنٹور کے درمیان ہی نئی راجدھانی کی نشاندہی کرتے ہوئے اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔۔