ماہرین پینل کا عنقریب مزید چند شہروں کا دورہ ، مقررہ وقت کے اندر رپورٹ کی توقع
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جون : ( پی ٹی آئی ) : آندھرا پردیش ریاست کے لیے نئے دارالحکومت کی تلاش کے لیے جاری کوششیں تیز ہوگئی ہیں ۔ اس ضمن میں مرکز کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے سرکردہ قائدین جیسے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے گزشتہ ہفتہ مشاورت کی ۔ سابق مرکزی شہری ترقیات سکریٹری کے سی سیوا راما کرشنن کی زیر قیادت پانچ رکنی پینل توقع ہے کہ 31 اگست تک اپنی رپورٹ پیش کردے گا ۔ کمیٹی پہلے ہی ساحلی آندھرا کے مختلف مقامات وشاکھا پٹنم ، راجمندری اور وجئے واڑہ کا دورہ کرچکی ہے تاکہ دارالحکومت کے لیے موزوں مقام کا تعین ہوسکے ۔ توقع ہے کہ بہت جلد ٹیم رائلسیما کے مختلف شہروں جیسے تروپتی وغیرہ کا بھی دورہ کرے گی ۔ کمیٹی نے گذشتہ ہفتہ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی اور دارالحکومت کے انتخاب کے سلسلہ میں وسیع تر مشاورت کی ۔ سیوا راما کرشنن نے کہا کہ پینل اپنی رپورٹ 31 اگست کی مقررہ تاریخ سے پہلے ہی پیش کردے گا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ پینل ایک نیا دارالحکومت قائم کرنے کے بجائے موجودہ تجارتی و صنعتی مراکز کو دارالحکومت بنانے کے حق میں ہے ۔ کمیٹی نے مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو سے بھی کل دہلی میں ملاقات کرتے ہوئے اب تک کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ نئے دارالحکومت کے لیے حمل و نقل کا وسیع تر نیٹ ورک جیسے سڑکیں ، بی آر ٹی ایس ، شہر میں میٹرو ریل نیٹ ورک اور ریاست کے دیگر حصوں سے سڑک کا رابطہ ضروری ہے ۔ کمیٹی نے مرکزی وزیر پر زور دیا کہ نہ صرف وزارت شہری ترقیات بلکہ دیگر وزارتوں جیسے ریلویز ، سرفیس ٹرانسپورٹ ، پٹرولیم اینڈ نیچرل گیس کا ممکنہ تعاون یقینی بنائیں ۔ چندرا بابو نائیڈو نے پینل پر زور دیا کہ اے پی تنظیم جدید قانون میں فراہم تمام گنجائشوں اور اس وقت کے وزیر اعظم کی جانب سے ایوان پارلیمنٹ میں کئے گئے تمام وعدوں کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے ۔ حیدرآباد جو تلنگانہ کا دارالحکومت ہے آئندہ دس سال تک دو ریاستوں ( تلنگانہ و سابق آندھرا پردیش ) کا مشترکہ دارالحکومت ہوگا ۔ اور اس مدت میں آندھرا پردیش کو نیا دارالحکومت قائم کرنا ہوگا ۔۔