آندھرا پردیش حکومت کا رائلسیما میں دوسرا دارالحکومت قائم کرنے کا مطالبہ

تقسیم ریاست سے رائلسیما کو نقصان کا ادعا ، وائی ایس آر سی پی رکن اسمبلی سریکانت ریڈی کا بیان

حیدرآباد ۔ 16 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی مسٹر سریکانت ریڈی نے آندھرا پردیش اور رائلسیما کے درمیان نیا دارالحکومت بنانے کا مطالبہ کیا ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم سب سے زیادہ نقصان رائلسیما کو ہوا ہے ۔ لہذا ریاست آندھرا پردیش کا نیا صدر مقام آندھرا اور رائلسیما کے درمیان بنانا چاہئے ۔ اس کے علاوہ رائلسیما پسماندہ علاقہ ہے ۔ اس کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ تب ہی ممکن ہوسکتا ہے جب رائلسیما میں دوسری راجدھانی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم میں سیما آندھرا کے عوام کو نظر انداز کردیا گیا۔ اس طرح آندھرا پردیش کے دارالحکومت کے معاملہ میں رائلسیما کے عوام کو نظر انداز کیا جاتا ہے تو پھر ایک علحدگی کی تحریک شروع ہوگی ۔ اس کی ذمہ داری حکومت اور چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر عائد ہوگی جو کمیٹی نئے دارالحکومت کا جائزہ لے رہی ہے اس کمیٹی نے ابھی تک علاقہ رائلسیما کا دورہ نہیں کیا ہے ۔ جس سے رائلسیما کے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ راجدھانی کا فیصلہ کرنے سے قبل آندھرا پردیش کے 13 اضلاع کے عوامی رائے کو اہمیت دینا چاہئے ۔ عوام کو اپنی رائے پیش کرنے کا مکمل حق ہونا چاہئے ۔ اگر عوامی رائے کو اہمیت نہیںدی گئی تو ان سے نا انصافی ہوگی ۔ مسٹر سریکانت ریڈی نے کہا کہ دارالحکومت کے قیام سے قبل اپنے من پسند علاقوں یا تجارت کو اہمیت دینے والے فیصلے نہ کریں بلکہ محفوظ مقام کا تعین کریں اور فیصلہ کرتے وقت طوفان اور سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں کو ہرگز اہمیت نہ دیں بصورت دیگر سرمایہ کاروں کو راغب کرنا مشکل ہوجائے گا اور ترقی ٹھپ ہوجائے گی ۔۔