حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش میں گذشتہ ماہ منعقدہ امتحانات ایس ایس سی کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ۔ شریمتی سندھیا رانی ریاستی کمشنر محکمہ تعلیم آندھرا پردیش نے اخباری نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے امتحانات ایس ایس سی کے نتائج جاری کئے اور بتایا کہ امتحانات ایس ایس سی میں اس مرتبہ جملہ 6,30,082 طلباء وطالبات شرکت کی ۔ ان میں 619494 ریگولر اور 10,588 پرائیوٹ طلباء وطالبات شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ امتحانات ایس ایس سی کے نتائج جملہ 94.88 فیصد رہے اور ان نتائج کی روشنی میں لڑکوں کے مقابلہ میں لڑکیوں کو ہی سبقت حاصل رہی ۔ آج جاری کردہ نتائج میں ریاست بھر میں ضلع مشرقی گوداوری کو پہلا مقام حاصل ہوا ۔ اس ضلع میں ایس ایس سی امتحانی نتائج 98.19 فیصد رہے ۔ جب کہ ضلع پرکاشم کو دوسرا مقام حاصل ہوا ۔ اور ضلع نیلور کو آخری مقام حاصل ہوا جس کا امتحانی نتیجہ 83.19 فیصد رہا ۔ ریاستی کمشنر محکمہ تعلیم نے بتایا کہ اس مرتبہ امتحانی نتائج کی روشنی میں آندھرا پردیش ریسیڈنشیل اسکولس کے 98.24 فیصد طلباء وطالبات نے کامیابی حاصل کی اور اس طرح وہ ریاست بھر میں سرفہرست رہے ۔ شریمتی سندھیا رانی نے بتایا کہ ریاست بھر میں جی پی اے دس پوائنٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کی جملہ تعداد 33,972 ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست آندھرا پردیش میں اس مرتبہ 5400 اسکولس کے نتائج صد فیصد رہے ۔ جب کہ صرف 3 اسکولس کا نتیجہ ہی صفر فیصد رہا ۔ ریاستی کمشنر محکمہ تعلیم آندھرا پردیش نے بتایا کہ دو دن میں ویب سائٹس پر میمورنڈم آف مارکس دستیاب رہیں گے ۔ امتحانات ایس ایس سی میں انٹرنل مارکس کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال سے ایس ایس سی طلباء وطالبات کے لیے ’ انٹرنل مارکس ‘ کے طریقہ کار کو ختم کردینے کی تجویز حکومت کو پیش کی جارہی ہے اور امتحانی پرچہ کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اسپورٹس کوٹہ کے تحت مارکس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم ریاستی حکومت سے منظوری کے حصول کا انتظار ہے ۔۔