آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے چھ ہزار عازمین کو حج کی سعادت

وقوف عرفات مکمل ، مزدلفہ کے لیے روانہ ، پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کا خادم الحجاج سے ربط
حیدرآباد۔/3اکٹوبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 6000 سے زائد فرزندان توحید نے آج وقوف عرفات کے ساتھ حج کی سعادت حاصل کرلی اور مزدلفہ کیلئے روانہ ہوگئے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے عازمین حج کے ساتھ موجود حج کمیٹی کے عہدیداروں اور خادم الحجاج سے ربط قائم کرتے ہوئے فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے پر دونوں ریاستوں کے حجاج کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ منٰی میں قیام اور مناسک حج کی تکمیل تک حجاج کرام کی تمام سہولتوں کا خیال رکھا جائے اور خاص طور پر ضعیف افراد کی صحت پر خصوصی نظر رکھیں۔ خادم الحجاج نے بتایا کہ حجاج کیلئے پانچ روزہ ایام حج کے دوران ٹرین کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور انہیں اس کے لئے پہلے ہی ٹکٹ فراہم کردیئے گئے۔ اسٹیشن نمبر 2سے حجاج کرام سفر کریں گے۔ منٰی تا عرفات، مزدلفہ اور منٰی واپسی تک ٹرین کی سہولت برقرار رہے گی۔ ٹرین میں سفر کیلئے کسی بھی بھگدڑ سے محفوظ رکھنے کیلئے سعودی حکام نے علحدہ اسٹیشنوں کی نشاندہی کردی ہے جس کے باعث حجاج کرام انتہائی اطمینان کے ساتھ ٹرین کا سفر کررہے ہیں۔ اسپیشل آفیسر کو بتایا گیا کہ آج بعد نماز فجر تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے فرزندان توحید میدان عرفات روانہ ہوئے جہاں انہوں نے نماز ظہر اور عصر ادا کی۔ بعد عصر خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا کیونکہ یہ مقام دعاؤں کی مقبولیت کا ہے۔ وقوفِ عرفات کے ساتھ حج کی ادائیگی مکمل ہوجاتی ہے۔ حجاج کرام مغرب سے عین قبل مزدلفہ کیلئے روانہ ہوئے جہاں وہ رات بھر عبادتوں میں مصروف رہیں گے۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد وہ رمی جمار کیلئے جمرات پہنچیں گے اور اس رکن کی ادائیگی کے بعد منٰی میں اپنے خیموں کو واپس ہوں گے اور قربانی پھر حلق کی تکمیل ہوگی اور احرام چھوڑ کر نئے کپڑے زیب تن کرلیں گے اور یہ عید کا دن ہوتا ہے۔ انڈین حج مشن کے عہدیداروں کی ٹیم بھی ہندوستانی حجاج کے ساتھ سفر کررہی ہے اور ہر منزل پر ان کی رہنمائی کی جارہی ہے۔ منٰی اور دیگر مقامات پر حجاج کیلئے کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں اور وہ بہتر انداز میں فرائض حج کی تکمیل کررہے ہیں۔