آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی ترقی میں ایکدوسرے کی مسابقت

ریاستوں کی تیز رفتار ترقی پر عوام کی نظریں ، مختلف شعبہ جات کے افراد بھی فکر مند
حیدرآباد ۔ یکم ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش و تلنگانہ کی ترقی کے سلسلے میں دونوں ریاستوں کی حکومتوں کی جانب سے اختیار کردہ پالیسی میں مسابقتی دوڑ کا جائزہ لیا جانا انتہائی ضروری ہے تاکہ دونوں ریاستوں کی ترقی کی رفتار کا اندازہ لگایا جاسکے۔ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم اور تلنگانہ کی تشکیل کے بعد منعقدہ عام انتخابات میں آندھراپردیش میں تلگودیشم نے اقتدار حاصل کیا اور چندرابابو نائیڈو وزیراعلیٰ کے عہدہ پر فائز ہوئے ۔ اسی طرح تلنگانہ میں (دوسرے چندرا)کے چندرشیکھر راؤ نے ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بناتے ہوئے تلنگانہ کے پہلے وزیراعلیٰ کا اعزاز حاصل کرلیا۔ دونوں ریاستوں کے عوام اپنی اپنی حکومتوں سے تیز رفتار ترقی کے منصوبے پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور دونوں ہی حکومتوں کی جانب سے ایسے اعلانات کئے جارہے ہیں جس سے دونوں ریاستوں کے عوام خوش ہیں لیکن عمل آوری کہاں تک ممکن ہورہی ہے اس کی فکر عوام بالخصوص صنعت کاروں ، تاجرین ، رئیل اسٹیٹ تاجرین کے علاوہ سرمایہ کاروں کو لاحق ہے ۔