حیدرآباد۔ 21 مئی (پریس نوٹ) ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم کے پیش نظر وزارتِ اُمور خارجہ نے پاسپورٹ آفس وشاکھاپٹنم اور پاسپورٹ آفس حیدرآباد کے حدود کا ازسرنو تعین کیا ہے۔ اضلاع گنٹور اور کرشنا (آندھرا پردیش) کے ساتھ ساتھ یانم (مرکزی زیرانتظام علاقہ پڈوچری) وشاکھاپٹنم پاسپورٹ آفس کے دائرہ کار میں شامل ہوں گے۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر (حیدرآباد) ایس اشونی نے بتایا کہ گنٹور، کرشنا اور یانم کے پاسپورٹ درخواست گذار 22 مئی سے وجئے واڑہ یا وشاکھاپٹنم پاسپورٹ سیوا کیندر پر درخواست دے سکیں گے۔ وشاکھاپٹنم پاسپورٹ آفس کے تحت اضلاع سریکاکلم ، وزیا نگرم، وشاکھاپٹنم، مشرقی گوداوری، مغربی گوداوری، کرشنا، گنٹور اور پانم کا احاطہ کیا جائے گا۔ آندھرا پردیش کے مابقی اضلاع پرکاشم، نیلور، چتور، کڑپہ، کرنول اور اننت پور کے لئے پاسپورٹ سیوا کیندر تروپتی یا پاسپورٹ سیوا کیندر حیدرآباد کی خدمات تا حکم ثانی حاصل رہیں گی۔ پاسپورٹ سیوا کیندر حیدرآباد اور نظام آباد کی خدمات اضلاع عادل آباد، کریم نگر، میدک، نظام آباد، ورنگل، رنگاریڈی، کھمم، محبوب نگر اور نلگنڈہ کے درخواست گذاروں کیلئے برقرار رہیں گی۔