چیف منسٹر کے انتخابی جلسوں سے کانگریس قائدین خوفزدہ، رکن کونسل کے پربھاکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/5 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے 2 انتخابی جلسوں کے بعد کانگریس قائدین خوف کا شکار ہوچکے ہیں اور انہیں پارٹی کی شکست یقینی دکھائی دے رہی ہے۔ رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نظام آباد اور نلگنڈہ میں کے سی آر کے انتخابی جلسوں کی کامیابی ریاست میں ٹی آر ایس کے دوبارہ اقتدار کا واضح اشارہ ہے۔ دونوں اضلاع میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے جلسوں میں شرکت کرتے ہوئے حکومت کی پالیسیوں کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے تلگودیشم اور تلنگانہ جنا سمیتی سے اتحاد کرتے ہوئے پہلے ہی اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے قائدین چیف منسٹر کے خلاف جس زبان کا استعمال کررہے ہیں اسے عوام ہرگز پسند نہیں کریں گے۔ پربھاکر نے کہاکہ بتکماں تہوار کے موقع پر خواتین میں ساڑیوں کی تقسیم کو کانگریس نے روکنے کی کوشش کی ہے حالانکہ یہ انتخابی فائدہ کا کوئی عمل نہیں ہے۔ خواتین کو فیسٹول کے تحفہ سے محروم رکھنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے بتکماں فیسٹول میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے بھی الیکشن کمیشن کو ہوسکتا ہے درخواست داخل کی ہو۔ مشن بھگیرتا کے جاریہ کاموں کو روکنے کیلئے مقدمہ درج کیا گیا۔ انہوں نے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو پر تنقید کی اور کہا کہ آندھرا پردیش میں ان کی مقبولیت کم ہوچکی ہے۔ وہ تلنگانہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس قائدین کے فون آندھرا پردیش انٹلی جنس کی جانب سے ٹیاپ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں آندھرا پردیش حکومت سے وضاحت کی اپیل کی۔ پربھاکر نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں آندھرا پردیش میں تلگودیشم کی شکست یقینی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ عوام سے اپیل کی کہ وہ چندرا بابو نائیڈو اور ان کی سازشوں سے چوکس رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی کیلئے کوئی ایک کریڈٹ حاصل نہیں کرسکتا۔ چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے تعمیر کردہ ہائی ٹیک سٹی اب سنسان ہوچکی ہے۔ ٹی آر ایس دور حکومت میں کئی انٹرنیشنل کمپنیوں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی ہے اور اپنے مراکز قائم کئے۔ ایک سوال کے جواب میں پربھاکر نے کہا کہ 2009 میں تلنگانہ ریاست کے قیام کیلئے تلگودیشم سے انتخابی مفاہمت کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے فوری بعد بتکماں فیسٹول کی ساڑیاں تقسیم کی جائیں گی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے انتخابات کے بعد تقسیم کا اعلان کیا ہے۔