آندھرا پردیش اسمبلی کا آج سے اجلاس

حیدرآباد 9 فبروری (محمد شہاب الدین ہاشمی ) ریاستی قانون ساز اسمبلی کا مختصر مدتی بجٹ اجلاس کا 10 فبروری سے آغاز ہوگا اور توقع کی جارہی ہیکہ متحدہ آندھرا پردیش ریاست کا یہ آخری و قطعی اسمبلی اجلاس ہوگا ۔ اسمبلی سیشن کا 10 فبروری کو صبح ٹھیک دس بجے سے آغاز ہوگا اور ریاستی وزیر فینانس مسٹر اے رام نارائن ریڈی سال 2014-2015 کیلئے ووٹ آن اکاونٹ بجٹ (علی الحساب بجٹ ) ٹھیک دس بجکر آٹھ منٹ پر پیش کریں گے۔ بتایا جاتا ہیکہ وزیر فینانس سال 2014-2015 کیلئے تقریبا 1.66 لاکھ کروڑ روپئے تخمینہ پر مشتمل علی الحساب بجٹ پیش کریں گے اور اس علی الحساب بجٹ کو ریاستی کابینہ کے 9 بجے منعقد ہونے والے اجلاس میں منظوری دی جائے گی جبکہ ریاستی قانون ساز کونسل میں قائد ایوان و ریاستی وزیر انڈومنٹ مسٹر سی رامچندریا علی الحساب بجٹ پیں کریں گے۔ بتایا جاتا ہیکہ 10 فبروری کو علی الحساب بجٹ پیش کرنے کے بعد 11 فبروری کو بجٹ کا مطالعہ کرنے کے مقصد سے تعطیل دی جائے گی اور 12 اور 13 فبروری کو ایوان میں ووٹ آن اکاونٹ بجٹ پر مباحث ہوں گے ۔ توقع کی جارہی ہیکہ مختصر مدتی اسمبلی کا بجٹ سیشن بھی گرما گرم ہوگا ۔ 12 فبروری کو اسمبلی کا اجلاس 9 بجے سے اور کونسل کا اجلاس 10 بجے سے شروع ہوگا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ ریاست کی تقسیم کے مسئلہ پر چیف منسٹر مسٹراین کرن کمار ریڈی کے اختیار کردہ رویہ و موقف کے خلاف تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے وزراء نہ صرف کابینہ کے اجلاس میں شرکت کرنے بلکہ اسمبلی سیشن میں شرکت کرنے سے بھی گریز کرنے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔