حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ریاستی قانون ساز اسمبلی کی حکمت عملی کمیٹی کے ارکان بشمول وزراء وغیرہ سے خطاب کرتے ہوئے اسمبلی میں ہونے والے مباحث میں تمام ارکان کے حصہ لینے کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں اور بتایا کہ آئندہ دو دنوں کے دوران تمام تر اہم امور پر مباحث ہوں گے ۔ اس موقع پر اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ریاست کے عوام کی جانب سے انہیں دی گئی ذمہ داری کو پورا کرنے میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور قائد اپوزیشن آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی مکمل ناکام ثابت ہوچکے ہیں ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ مرکزی بی جے پی حکومت کے خلاف اپنی جاری جدوجہد کے ذریعہ ہی ریاست آندھرا پردیش کے لیے خصوصی موقف حاصل کیا جائے گا ۔