ورنگل سے یادگیری تک شاہراہ کی تعمیر مکمل : نتن گڈکری
حیدرآباد۔15ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ ‘شاہراہیں و جہاز رانی نتن گڈکری نے آج کہا کہ نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں دیاگیری سے ورنگل تک شاہراہ کی تعمیر تقریباً مکمل ہوچکی ہے ۔ تمام معلنہ پراجکٹوں پر ترجیحی خطوط پر کام کیا جارہا ہے ۔ پی آئی بی بھون سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر گڈکری نے بی جے پی کے زیرقیادت نئی مرکزی حکومت کی جانب سے اپنے پہلے 100دن کے دوران کئے گئے کاموں کا تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش اور تلنگانہ تمام پراجکٹوں کو کسی امتیازی سلوک کے بغیر روبہ عمل لایا جائے گا ۔ مسٹر گڈکری نے ’’ سب کا ساتھ ‘ سب کا وکاس ‘‘ نعرہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں دریائے گوداوری کے قریب مرکزی حکومت ایک بندرگاہ کے قیام کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام تین علاقوں آندھرا ‘ رائلسیما اور تلنگانہ میں بہترین سڑکیں اور بندرگاہیں تعمیر کی جائیں گی ۔ آندھراپردیش میں 14 بندرگاہوں کے فروغ کیلئے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی تجویز کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر گڈکری نے کہا کہ ’’ انہوں ( نائیڈو) نے کہا ہے کہ 14بندرگاہوں کو ترقی دینا ہے لیکن فی الحال مرکز نے ڈوگاراجاپٹنم کو قومی پراجکٹ کے طور پر فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے ‘‘ ۔