نائیڈو نے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھا کر اقتدار حاصل کیا ‘ جنرل سکریٹری کروناکر ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش ریاست میں دوبارہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی دور حکومت کے لیے فی الفور وائی ایس جگن موہن ریڈی کو چیف منسٹر بنانے کے لیے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ مسٹر بی کروناکر ریڈی جنرل سکریٹری وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ وائی ایس آر حکومت لانے کے لیے ہر ایک کو اپنی حتی المقدور کوشش کرنے کی ضرورت ہے ۔ آج تروپتی میں منعقدہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی پلینری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کرونا کر ریڈی نے کہا کہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اپنے جھوٹے وعدوں کے ذریعہ اقتدار حاصل کیا اور انتخابات کے موقعہ پر کیے ہوئے کسی ایک وعدے کو چیف منسٹر آندھرا پردیش نے پورا نہیں کیا بلکہ تلگو دیشم پارٹی نے انتخابات کے موقعہ پر ناممکن وعدے کر کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وائی ایس جگن موہن ریڈی بھی ہتھیلی میں جنت دکھاتے ہوئے جھوٹے وعدے کرتے ہوتے تو آج مسٹر جگن موہن ریڈی کی زیر قیادت حکومت آندھرا پردیش میں برسر اقتدار رہتی تھی ۔ جنرل سکریٹری وائی ایس آر کانگریس نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو اور این لوکیش آندھرا پردیش کو لوٹ رہے ہیں ۔ انہوں نے تلگو دیشم حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آئندہ انتخابات میں تلگو دیشم کو اقتدار سے بیدخل کرنے اور وائی ایس آر کانگریس کے برسر اقتدار آنے کو یقینی بنانے نچلی سطح سے پارٹی کو قبل از وقت مضبوط و مستحکم بنانے کے اقدامات کیے جانے چاہئے ۔ مسٹر کروناکر ریڈی نے مزید کہا کہ پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی آنے والے عام انتخابات میں اختیار کئے جانے والے طریقہ کار اور لائحہ عمل کو اس وائی ایس آر کانگریس پارٹی پلینری میں قطعیت دیا جائے گا ۔ اس پلینری سیشن میں رکن اسمبلی پی رامچندرا ریڈی نے بحیثیت پارٹی مبصر شرکت کی ۔ مسٹر ایس راما کرشنا ریڈی سیاسی سکریٹری برائے وائی ایس جگن موہن ریڈی نے خصوصی مدعوین کی حیثیت سے شرکت کی ۔ ورا پرساد رکن پارلیمان اور نارائنا سوامی و دیگر قائدین وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے بھی شرکت کی ۔