بڑے کاروباری وفد کے ساتھ چھ روزہ دورہ پر بیجنگ آمد ۔ چینی فرمس سے معاہدات کا امکان
بیجنگ 12 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو آج ایک بڑے کاروباری وفد کے ساتھ چین کے ایک ہفتہ طویل دورہ پر یہاں پہونچے اور وہ یہاں چینی سرمایہ کاروں کو اپنی ریاست میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینگے ۔ کہا گیا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو چینی کمیونسٹ پارٹی کے انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کی دعوت پر چین آئے ہیں اور وہ یہاں تجارتی و سرمایہ کاری حلقوں کے کئی اجلاسوں سے مخاطب کرینگے اور اپنی ریاست میں سرایہ کاری کے مواقع کے تعلق سے تفصیلات پیش کرینگے ۔ نائیڈو یہاں چینی کمیونسٹ پارٹی کے عہدیداروں سے ملاقات کے علاوہ آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کے مواقع پر ایک اجلاس سے خطاب بھی کرینگے ۔ اس اجلاس میں سرکاری اور چین کے خانگی شعبہ کے بڑے سرمایہ کار بھی حصہ لینے والے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو ایک تائیوانی الیکٹرانک فرم فاکس کان کے اعلی عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کرینگے ۔ یہ کمپنی ایپل ‘ سیمسنگ ‘ ڈیل اور ژیامی جیسی کمپنیوں کیلئے کئی آلات و اشیا تیار کرتی ہے ۔ یہاں ہندوستانی سفارتخانہ کا عملہ مسٹر نائیڈو کے دورہ میں تعاون کر رہا ہے اور وہ کہا گیا ہے کہ ان کی ملاقاتوں میں آندھرا پردیش کیلئے نئے دارالحکومت کی تعمیر اور دوسرے ترقیاتی پراجیکٹس کے آغاز پر توجہ دی جائیگی ۔ کہا گیا ہے کہ اس دورہ کے موقع پر مسٹر نائیڈو سڑکوں کی تعمیر ‘ قابل تجدید توانائی ‘ میٹرو اور ریلوے ‘ آٹو اور آٹو صنعت کی اشیا ‘ بھاری مصنوعات و آلات ‘ آئی ٹی و الیکٹرانکس ‘ فارماسیوٹیکلس ‘ ٹیکسٹائیل اور دیگر شعبہ جات پر خاص توجہ دی جائیگی ۔ اس اجلاس میں آندھرا پردیش میں کاروبار کے مواقع سے چینی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو واقف کروایا جائیگا ۔ علاوہ ازیں مسٹر نائیڈو چین کی کمپنیوں کے ساتھ 13 یادداشت مفاہمت پر دستخط کریں گے۔ بیجنگ کو پہلے دورہ میں یہ وفد چھ گورنمنٹ ٹو بزنس (G2B) یادداشت مفاہمت پر دستخط کرے گا۔ حکومت آندھراپردیش کی جانب سے کیمیل گروپ کمپنی لمیٹیڈ کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے جئیں گے جوکہ اسٹوریج بیاٹریز کے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، مینوفیکچر، ڈسٹری بیوشن اور ری سائیکلنگ میں کارکردگی انجام دیتی ہے۔ ایک اور یادداشت مفاہمت پر صنعتی ادارہ، چائنا کونسل فار دی پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈکے ساتھ دستخط کئے جائیں گے۔ تعمیراتی شعبہ سے متعلق سی سی پی آئی ٹی کے ساتھ گزشتہ سال نومبر میں گائیزہو انٹرنیشنل انوسٹمنٹ کارپوریشن وفد کے دورہ وشاکھاپٹنم کے بعد حکومت ‘کارپوریشن کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کریگی۔