امراوتی 30 مارچ ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں اسمبلی اور لوک سبھا کے انتخابات کیلئے سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ 175 رکنی اسمبلی کیلئے جملہ 2,395 امیدوار اور 25 لوک سبھا حلقوں کیلئے 344 امیدوار میدان میں ہیں۔ ریاست میں پہلے مرحلے میں 11 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ الیکشن کمیشن نے آج یہ بات بتائی ۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر گوپال کرشنا دویدی نے آج دو پہر مختلف جماعتوں کے قائدین کے ساتھ ایک اجلاس میں یہ تفصیل بتائی ۔ پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری کی مدت دو دن قبل ختم ہوگئی ہے ۔ چیف الیکٹورل افیسر نے کہا کہ ہر الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں امیدواروں کے نام اور تصاویر بھی ہونگی ۔ اس کے علاوہ نوٹا کا بٹن بھی رہے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ووٹنگ مشین پر پندرہ امیدواروں کی تفصیل درج ہوگی ۔ جس حلقے میں 15 سے زیادہ امیدوار ہونگے وہاں دوسری ووٹنگ مشین بھی استعمال کی جائے گی ۔ الیکشن کمیشن نے ریاست کیلئے جملہ 200 مبصرین کا تقرر عمل میں لایا ہے جن میں 75 عام مبصرین بھی شامل ہیں جو لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے عمل کی نگرانی کرینگے ۔ سیاسی جماعتیں کسی بھی شکایت کیلئے ان مبصرین سے رجوع کرسکتی ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے رائے دہندوں کی قطعی فہرست سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے حوالے بھی کی جو 25 مارچ کو شائع ہوئی ہے ۔