حیدرآباد / کرنول 18 ستمبر ( این ایس ایس ) آندھرا پردیش کے وزیر آبپاشی ڈی اوما مہیشور راؤ نے آج کہا کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے شروع کردہ فلاحی اسکیمات پر عوام کا اچھا رد عمل حاصل ہو رہا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر آندھرا پردیش کے ای کرشنا مورتی کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اوما مہیشور راؤ نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت 1.5 لاکھ روپئے تک زرعی قرض معاف کرنے کے وعدے کی پابند ہے ۔ اس مسئلہ پر اپوزیشن نے حکومت کو وعدہ سے انحراف کا الزام عائد کیا ہے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ کرشنا کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے اور یہ پانی سمندر میں نہیں چھوڑا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہنڈری ۔ نیوا پراجیکٹ کو جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا ۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پلی چنتلہ پراجیکٹ میں اس کی سطح تک مکمل پانی محفوظ رکھا جائیگا اور تلنگانہ و آندھرا ریاستوں میں اس پراجیکٹ کے نتیجہ میں متاثر ہونے والے گاؤوں کو معاوضہ بھی ادا کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ و آندھرا کے چیف سکریٹریز پلی چنتلہ پراجیکٹ پر تبادلہ خیال کرینگے ۔