آندھرا میڈیا کی من مانی پر جیون ریڈی کا استفسار، کے سی آر کا جواب

حیدرآباد۔/13جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے آندھرا میڈیا پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آندھرا میڈیا اپنے رویہ میں تبدیلی نہیں کرے گا تو حکومت خاموش نہیں رہے گی۔ اسمبلی میں مباحث کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کانگریس کے رکن ٹی جیون ریڈی کو یقین دلایا کہ تلنگانہ میں آندھرا میڈیا کی من مانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔جیون ریڈی نے ایوان کی توجہ مبذول کراتے ہوئے بتایا کہ ایک مقامی تلگو چینل نے اپنے پروگرام میں تلنگانہ ارکان اسمبلی کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس کئے ہیں لہذا اس چینل کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے تلنگانہ اسمبلی اور ارکان کی توہین کے مرتکب چینلس کے خلاف تحریک مراعات پیش کرنے کی تجویز پیش کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں آندھرا میڈیا کے تسلط اور ان کی من مانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے ایک ٹی وی چینل کی جانب سے ارکان اسمبلی کو توہین آمیز انداز میں پیش کرنے پر سخت برہمی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک تلگو روز نامہ جان بوجھ کر تلنگانہ کے خلاف اپنی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا میڈیا اپنی من مانی چلاتے ہوئے تلنگانہ اور اس کے نمائندوں کی توہین کررہا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ٹاملناڈو کی طرز پر کیبل قانون تیار کرتے ہوئے میڈیا پر کنٹرول کیا جائے گا۔اسی دوران مذکورہ تلگو ٹی وی چینل نے اپنے اس قابل اعتراض پروگرام پر ریاستی اسمبلی سے معذرت خواہی کرلی۔