وائی ایس آر کانگریس پر غلط فہمیاں پیدا کرنے ریاستی وزیر کا الزام
حیدرآباد /30 جولائی (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں سرکاری ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی موجودہ عمر میں کمی سے متعلق کوئی تجویز حکومت کے زیرغور نہیں ہے ۔ جبکہ ریاست میں تمام سرکاری ملازمین کی وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہونے سے متعلق حد عمر 60 سال مقرر ہے ۔ وزیر آندھراپردیش مسٹر جواہر نے کہا کہ ایک تلگو روزنامہ میں یہ خبر شائع ہوئی کہ سرکاری ملازمین کو ان کی کارکردگی کا جائزہ لے کر (50) سال میں سرکاری ملازمین کو سبکدوش کردیئے جائیں گے ۔ جو کہ بالکلیہ طور پر غلط و بے بنیاد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں تمام سرکاری ملازمین اور اساتذہ حکومت کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اور حکومت کے ترقیاتی اقدامات میں تعاون کرکے قائد اپوزیشن جگن موہن ریڈی برداشت نہیں کرپارہے ہیں بلکہ اپنے پارٹی ترجمان تلگو روزنامہ کے ذریعہ حکومت کے خلاف غلط تشہیر کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔ تاکہ سرکاری ملازمین اساتذہ اور ورکرس وغیرہ کو تشویش میں مبتلا کیا جاسکے اور اس کے ذریعہ ریاست کی تیز رفتار ترقی نہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کونسلنگ شفاف انداز میں جاری ہے لیکن اپوزیشن کونسلنگ پر تنقید جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر قائدین ابتدا سے ترقی میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں ۔ مسٹر جواہر نے کہا کہ ریاست میں علاقہ واریت و تنازعات پیدا کرکے سیاسی مفادات حاصل کرنے میں جگن موہن ریڈی ناکام ہوچکے ہیں ۔