آندھرا سے تمام وعدے پورے کئے جائینگے

ریاست کی ترقی کیلئے این ڈی اے نے بہت کچھ کیا : وینکیا نائیڈو
نئی دہلی 29 جولائی ( پی ٹی آئی ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ آندھرا پردیش کو خصوصی زمرہ کا موقف دینے سے اس کے مسائل از خود حل نہیں ہوجائیں گے وزیر اطلاعات و نشریات ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ مرکزی حکومت آندھرا پردیش سے کئے گئے تمام وعدوں کو ریکارڈ وقت میں پورا کریگی ۔ انہوں نے ریاست کی ترقی کیلئے اب تک کئے گئے اقدامات کی تفصیلات سے بھی واقف کروایا ۔ انہوں نے آندھرا پردیش کو خصوصی زمرہ کا موقف دینے سے متعلق مسئلہ پر راجیہ سبھا میں مختصر مباحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ میں کسی بھی حکومت نے آندھرا پردیش کی ترقی کیلئے اتنا کچھ نہیں کیا ہے جتنا این ڈی اے حکومت نے کیا ہے ۔ آندھرا پردیش کو خصوصی زمرہ کا موقف دینے کے مسئلہ پر مسٹر نائیڈو نے کہا کہ یہ مسئلہ اس لئے لیت و لال کا شکار ہے کیونکہ سابقہ یو پی اے حکومت نے ‘ جس نے آندھرا پردیش ریاست کو تقسیم کیا تھا ‘ اس مسئلہ کو تنظیم جدید اے پی قانون میں شامل نہیں کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کو صرف خصوصی زمرہ کا موقف دینے سے اس کے مسائل از خود حل نہیں ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کیلئے جو کچھ ضروری ہے مرکزی حکومت وہ کچھ کر رہی ہے ۔ اور جو کچھ بھی وعدے کئے گئے ہیں انہیں ریکارڈ وقت میں پورا کیا جائیگا ۔ کسی بھی مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کیلئے ملک کی تاریخ میں اتنا کچھ نہیں کیا ہے جتنا این ڈی اے حکومت کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مالیہ کے مسئلہ پر کچھ وعدے کئے گئے تھے لیکن اب اعداد و شمار میل نہیں کھا رہے ہیں اور وزْر فینانس اس مسئلہ کو حل کرنے کوشش کر رہے ہیں ۔