اسمارٹ سٹی پراجیکٹ پر عمل آوری کی سمت پیشرفت ۔ وشاکھاپٹنم کو ترقی دینے پر توجہ
حیدرآباد 25 جنوری ( پی ٹی آئی ) حکومت آندھرا پردیش اور امریکی ٹریڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی نے آج ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے تاکہ ریاست میں اسمارٹ شہروں کو ترقی دی جاسکے ۔ چیف سکریٹری تلنگانہ آئی وائی آر کرشنا راؤ اور ڈائرکٹر یو ایس ٹریڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی ایل آئی زاک نے مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو کی موجودگی میں دہلی میں دستخط کئے ۔ ریاستی حکومت کے ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ امریکی صدر بارک اوباما آج صبح سہ روزہ دورہ پر ہندوستان پہونچے ۔ اس دوران وہ یوم جمہوریہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی ہونگے ۔ ان کے ساتھ ان کی شریک حیات مشیل اوباما اور ایک اعلی سطح کا وفد بھی ہے ۔ آندھرا پردیش حکومت کے ساتھ اس معاہدہ کے تحت امریکی ایجنسی اسمارٹ سٹیز پراجیکٹ کے سلسلہ میں مطالعہ ‘ پائلٹ پراجیکٹ ‘ مطلعاتی دوروں ‘ ورکشاپس اور ٹریننگ کے اخراجات فراہم کریگی ۔ یہ ایجنسی وشاکھاپٹنم شہر کو ایک اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے مشاورت اور کنسلٹنسی خدمات فراہم کریگی ۔ امریکی حکومت کی دوسری ایجنسیاں بھی فریقین کی کوششوں کی مدد کرینگی ان میں محکمہ تجارت اور امریکی ایکزم بینک بھی شامل ہے ۔ اس دوران امریکی صنعتی تنظیم کی جانب سے ہوابازی اور توانائی جیسی انفرا اسٹرکچر سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ اس تنظیم نے بھی وشاکھاپٹنم کو اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ اعلامیہ میںیہ بات بتائی گئی ۔ اس یادداشت مفاہمت کے مطابق حکومت امریکہ اور امریکی ایجنسیوں کی جانب سے حکومت ہند کی سرگرم شرکت کے ذریعہ مشاورت کی جائیگی تاکہ قطعی معاہدہ کیا جاسکے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ یہ یادداشت مفاہمت تیز رفتار ترقی کیلئے انتظآمی عمل کو مستحکم کرنے کی سمت ایک اچھی شروعات ہے ۔