تیاریاں تیزی سے جاری ۔ متعلقہ عہدیداروں نے جائزہ لیا
حیدرآباد 15 جون ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس کا 19 جون سے آغاز ہوگا اور اس سلسلہ میں تیز تر اقدامات جاری ہیں اور آندھرا پردیش کے اعلی عہدیداران پولیس نے اسمبلی عہدیداروں کے ہمراہ اسمبلی کا معائنہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہیکہ دونوں ریاستوں (تلنگانہ اور آندھرا پردیش) کے اسمبلی اجلاس ایک ہی اسمبلی عمارت میں منعقد کئے جائیں گے لیکن قدیم اسمبلی عمارت آندھرا پردیش اسمبلی کیلئے اور نئی اسمبلی عمارت تلنگانہ اسمبلی کیلئے الاٹ کی گئی ہیں اور اس الاٹمنٹ کے مطابق تلنگانہ حکومت کا ایک ہفتہ طویل پہلا اجلاس 9 جون سے شروع ہوکر گذشتہ دن یعنی 14 جون کو ختم ہوا ۔ اسی طرح دونوں ریاستوں کی قانون ساز کونسلس بھی علحدہ رکھی گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ ڈائرکٹر جنرل پولیس آندھرا پردیش مسٹر جے وی راموڈو، انٹلی جنس چیف شریمتی انورادھا اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر سریندار بابو ، انٹلی جنس آئی بی مسٹر بالا سبرامنیم اور حیدرآبا سٹی پولیس کمشنر مسٹر مہیندر ریڈی، اڈیشنل کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار ،انچارج سکریٹری قانون سازاسمبلی مسٹر ستیہ نارائنا و دیگر عہدیداروں نے اجلاس کی تیاریوں کاجائزہ لیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ موجودہ تلگودیشم مقننہ آفس کو اسمبلی میں چیف منسٹر چیمبر کیلئے الاٹ کیا گیا ہے اور چیمبر کی تیاری کیلئے تزئین نو کے کام جاری ہیں۔