حیدرآباد ۔ 27مارچ ( سیاست نیوز) آندھراپردیش اسمبلی میں آج اس وقت گڑبڑ و ہنگامہ آرائی کی صورتحال پیدا ہوئی جب وائی ایس آر کانگریس ارکان اسمبلی میں ریاست میں سرکاری عہدیداروں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کا آغاز کیا ۔ احتجاجی ارکان نے اسپیکر کے پوڈیم تک پہنچ کر زبردست احتجاج کیا اور نعرہ بازی کی جاتی رہی لیکن اس احتجاج کے دوران ہی حکومت نے بعض اہم بلز ایوان میں پیش کرتے ہوئے ان کی منظوری حاصل کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش اسمبلی میںآندھراپردیش لاجسٹک یونیورسٹی بل ‘ آندھراپردیش میں بنیادی سہولتوں سے متعلق قوانین ترمیمی بل ‘ آندھراپردیش ویاٹ قوانین سے متعلق ترمیمی بل ‘ آندھراپردیش ٹورازم بورڈ بل ‘ آچاریہ این جی رنگا زرعی یونیورسٹی قوانین ترمیمی بل ‘ وائی ایس آر ہارٹیکلچر یونیورسٹی قوانین ترمیمی بل کے علاوہ محکمہ رجسٹریشن قوانین ترمیمی بل کو ایوان نے منظوری دیدی ہے اور اس موقع پر اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس کے ایوان میں جاری گڑبڑ وہنگامہ آرائی کے دوران ہی بلوں کی منظوری کے فوری بعد اسپیکر آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے ایوان کی کارروائی کو 28مارچ بروز منگل تک کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ۔