مرکزی حکومت پر لاپرواہی کا الزام، ای ٹی نرسمہا
حیدرآباد۔2جولائی(سیاست نیوز)آندھراپردیش ہائی کورٹ کی تقسیم میںتاخیر کے سبب پیداشدہ بحران کا ذمہ دار مرکزی حکومت کو ٹھراتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا گریٹر حیدرآباد ساوتھ زون نے آج یہاں نارائن گوڑہ چوراہے پر مرکزی حکومت کا علامتی پتلا نذر آتش کیا۔ کنونیر سی پی آئی ساوتھ زون ای ٹی نرسمہا کی قیادت میںسینکڑوں کمیونسٹ قائدین اور کارکنوں نے اس احتجاجی پروگرام میںشرکت کرتے ہوئے ہائی کورٹ کی تقسیم کے متعلق مرکز کی سرد مہری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ بائیںبازو قائدین اور کارکنوںنے اس موقع پر مخالف مرکزی حکومت نعرے بازی کرتے ہوئے آندھرائی ہائی کورٹ کی عاجلانہ تشکیل کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا۔ ای ٹی نرسمہا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ دوسال سے زائد عرصہ گذرجانے کے باوجود آندھرا ہائی کورٹ کی علیحدگی میںتاخیر ایک افسوس ناک عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزکی سردمہری کے سبب جس طرح کے حالات حیدرآبادہائی کورٹ میںپیدا ہوئے ہیں اس سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ ہائی کورٹ کی تقسیم کے متعلق غیرعلاقائی ججس اور وکلاء کی نیت ٹھیک نہیں ہے ۔ای ٹی نرسمہا نے کہاکہ تلنگانہ کے ججس او روکلاء کے ساتھ جاری مسلسل ناانصافیوں کے سلسلے کو ختم کرنے کے لئے آندھرا ہائی کورٹ کی عاجلانہ تشکیل ضروری ہے ۔ انہوں نے ہائی کورٹ کی تقسیم کے مسئلے پر ہائی کورٹ کے مجوزہ مانسون اجلاس میں فیصلہ کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا۔