نوے فیصد کام کی تکمیل ، چیف منسٹر چندرا بابو کی جائزہ اجلاس میں ہدایت
حیدرآباد /17 اپریل ( سیاست نیوز ) کارگذار چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ماہ جولائی میں پولاورم پراجکٹ سے پانی چھوڑنے کیلئے تیار رہنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں اور کہا کہ پولاورم پراجکٹ کے دائیں اور بائیں بازو نہروں کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں ۔ آج پراجکٹ کے کاموں کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اجلاس کے موقع پر عہدیداران نے پراجکٹ کے کاموں کی پیشرفت سے چندرا بابو نائیڈو کو واقف کروایا اور بتایا کہ اب تک پراجکٹ کے 69 فیصد تعمیری کام مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ جن میں کنکریٹ سے متعلق 72.40 فیصد کام مکمل کرلئے گئے ہیں اور اس طرح 28.16 لاکھ کیوبک میٹرس کے کام تکمیل کو پہونچے ہیں ۔ علاوہ ازیں کھدوائی سے متعلق 84.60 فیصد کام مکمل کئے جاچکے ہیں ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پولاورم پراجکٹ لفٹ بنک کنال کے 90.87 فیصد اور رائٹ بنک کنال کے 70.38 فیصد تعمیری کام مکمل ہوچکے ہیں ۔ جبکہ ریڈئیل گیٹس فیبریکیشن کے 66.22 تعمیر کام اور اویری کاپر ڈیم کے 40.71 فیصد کام اور نچلی سطح کے کاپر ڈیم کے 25.04 فیصد کام مکمل کرلئے جانے کے تعلق سے عہدیداروں نے چیف منسٹر کو واقف کروایا ۔ جس پر چندرا بابو نائیڈو نے عہدیداراوں کی کارکردگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور پراجکٹ سے متعلق تمام عہدیداروں کی ستائش کی ۔ چیف منسٹر نے پراجکٹ کے ماباقی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنانے اور جلد سے جلد کاموں کو مکمل کرلینے کی ضرورت پر زور دیا اور ماہ جولائی کے اختتام سے قبل پولاورم پراجکٹ سے پانی کے چھوڑنے کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا ۔