آندھراپردیش کے نئے دارالحکومت کے قیام میں مرکز کی ممکنہ مدد : وینکیا نائیڈو

وجئے واڑہ ۔5جنوری ( پی ٹی آئی) مرکزی وزیر شہری ترقیات وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ وجئے واڑہ کے قریب آندھراپردیش کے نئے دارالحکومت کو فروغ دینے میں مرکز ہر ممکن تعاون کرے گا ۔ انہوں نے آج یہاں ترنگا کا ڈیزائن تیار کرنے والے مجاہد آزادی پنگلی وینکیا کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے بعد مقامی عوام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کے عوام کو وجئے واڑہ اور اس کے اطراف نئے دارالحکومت کے قیام کیلئے حکومت کی تائید کرنی چاہیئے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جو کسان دارالحکومت کیلئے اپنی زمین دیں گے اُن کے ساتھ پورا انصاف کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر مسٹر چندرا بابو نائیڈو عالمی معیار کا حامل دارالحکومت قائم کرنا چاہتے ہیں اور عوام توقع ہے کہ ان کی تائید کریں گی۔