آندھراپردیش کے مسلمانوں کو تلگودیشم پارٹی پر بھروسہ نہ کرنے کا مشورہ

بجٹ میں مسلمانوں کی فلاح و بہبود نظر انداز ، اسلامک بنکنگ نظام کا وعدہ بے وفاثابت : آر شیوار پرساد راؤ کا خطاب
حیدرآباد /10 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ریاست آندھراپردیش کے مسلمانوں سے تلگودیشم پارٹی پر بھروسہ و اعتماد نہ کرنے کی وائی ایس آر کانگریس نے اپیل کی ہے ۔ کیونکہ تلگودیشم پارٹی ناقابل بھروسہ پارٹی ہے ۔ گذشتہ چار سال تک این ڈی اے میں شامل رہ کر بی جے پی کی تائید کرتی رہی لیکن اب چونکہ آئندہ سال انتخابات منعقد ہونے کو پیش نظر رکھتے ہوئے بی جے پی کی تائید سے دستبردای اختیار کرکے انتخابات میں مسلم رائے دہندوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے متعدد تیقنات دے رہی ہے ۔ رکن اسمبلی وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر آر شیوا پرساد ریڈی نے ضلع کڑپہ کے پرودوٹور میں منظم کردہ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ اظہار خیال کیا اور بتایا کہ ریاستی بجٹ میں مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے تلگودیشم حکومت نے رقومات مختص کرکے ان میں سے اب تک کوئی رقومات تلگودیشم حکومت نے خرچ نہیں کی ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے ریاست میں اسلامک بینکنگ سسٹم شروع کرنے کا وعدہ کرکے مسلمانوں کے ساتھ دھوکہ دیا۔ اسی طرح مسلم بے روزگار نوجوانوں کو خود روزگار کے حصول کیلئے بلاسودی 5 لاکھ روپئے قرض فراہم کرنے ، مسلم خواتین کو دست کاری کیلئے ایک لاکھ روپئے مدرسوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو کپڑے فراہم اور بس پاسیس دینے کا وعدہ کرکے کوئی ایک وردہ بھی پورا نہیں کیا ۔ علاوہ ازیں مسلمانوں کو اسمبلی و پارلیمان کے علاوہ کونسل کیلئے اہمیت دیتے ہوئے ٹکٹ فراہم کرنے کا وعدہ کرکے سیاسی لحاظ سے کوئی موقع نہ دیتے ہوئے بھی زبردست دھوکہ دیا ۔ جس میں کسی مسلم وزیر کو شامل نہیں کیا گیا ۔ اس طرح مسٹر چندرا بابو نے کابینہ میں مسلم وزیر کو شامل نہ کرکے ایک نئی تاریخ بنائی ہے ۔ مسٹر شیوا پرساد ریڈی نے ریاستی تلگودیشم حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال منعقد ہونے والے انتخابات میں تلگودیشم بہرصورت اس کا خمیازہ ضرور بھگتے گی اور ریاست میں تلگودیشم پارٹی کو مسلمانوں کے ووٹ دس فیصد بھی حاصل نہیں ہوسکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے وقار کو اونچا کرنے اور ہر لحاظ سے مسلمانوں کو اہمیت دینے والے سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے افراد خاندان کو برسر اقتدار لانے کیلئے ریاست کے تمام مسلمان بے چین ہیں ۔ اسلامک بینکنگ سسٹم شروع کرنے کا وعدہ کرکے تلگودیشم پارٹی نے مسلمانوں کو دھوکہ دیا لیکن وائی ایس آر کانگریس پارٹی برسر اقتدار آنے پر ریاست میں اسلامک بینکگ سسٹم کو شروع کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں ریاست میں مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے کا مسٹر شیوار پرساد ریڈی نے تیقن دیا ۔ اس موقع پر وائی ایس ار کانگریس اپرٹی کے اہم قائدین بھی موجود تھے ۔