آندھراپردیش کے مزدور پیشہ افراد کی خدمات کو خراج تحسین

حکومت سے ورکرس کی بیمہ اسکیم کی رقم میں اضافہ کا اعلان ، چندرا بابو
حیدرآباد یکم / مئی ( سیاست نیوز ) ریاستی کارگذار چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ریاستی ترقی میں ورکروں ( مزدور پیشہ افراد ) کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ورکروں کیلئے چندرنا بیمہ اسکیم کے ذریعہ فی الوقت فراہم کی جانے والی مالی امداد 5 لاکھ روپیوں کو تلگودیشم کے دوبارہ برسر اقتدار آنے پر بہت جلد ( ان رقومات کو ) بڑھاکر دس لاکھ روپئے کئے جائیں گے ۔ عالمی یوم ورکرس کے موقع پر چندرا بابو نے ورکروں کو یوم مئی کی مبارکباد پیش کی ۔ آج وجئے واڑہ میں منعقدہ یوم مئی تقاریب کے موقع پر کئی ورکروں کو ان کی شاندار خدمات کی انجام دہی پر تہنیت پیش کی اور کہا کہ مزدور پیشہ افراد کے حقوق کا تحفظ کرنے کے علاوہ انہیں عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے کی شدید ضرورت ہے ۔ انہوں نے پرزور الفاظ میں کہا کہ مزدوروں کی سخت محنت کے نتیجہ میں ہی ریاستی ترقی ممکن ہوسکے گی ۔ چندرا بابو نے مزدور طبقہ کو اس بات کا تیقن دیا کہ تلگودیشم ہمیشہ ان کے ساتھ رہیگی اور مزدور پیشہ طبقہ کے ساتھ اگر کسی بھی نوعیت کی ناانصافی ہوتوہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ بلکہ ان کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ۔ اس موقع پر ملک کے مالی نظام کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے ملک کے مالیاتی نظام کو درہم برہم اور تباہ کرکے رکھ دیا گیا ۔ جبکہ تلگودیشم حکومت نے آندھراپردیش میں غیر منظم مزدور پیشہ طبقہ کیلئے مفت میں ذاتی گھر تعمیر کرواکر فراہم کیا جائے گا ۔