وجئے ۔گنٹورعلاقہ میں 33ہزار ایکڑ پر امراوتی کی تعمیرکی تیاریاںجاری
حیدرآباد18مئی( پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے نئے صدرمقام کی تعمیر کیلئے توقع ہے کہ 6جون کو سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ وجئے واڑہ۔گنٹور علاقہ میں یہ صدر مقام تعمیر کیا جائے گا ۔ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و اطلاعات پی رگھوناتھ ریڈی نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ عبوری طور پر 6جون کو صبح 8:49 بجے سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ہنوز کوئی قطعی فیصلہ نہیںہوا ہے ۔ متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم اور علحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میںلائے جانے کے بعد باقی بچ جانے والی ریاست آندھراپردیش کی حکومت نے دریائے کرشنا کے کنارے گنٹور اور وجئے واڑہ کے علاقہ میں نیا دارالحکومت تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اس مقصد سے 33,000 ایکڑ اراضی بھی حاصل کی جاچکی ہے ۔ نئے صدر مقام کا نام ضلع گنٹور کے ایک قدیم تاریخی شہر امراوتی سے موسوم کیا جارہا ہے ۔ اس ٹاؤن کی تاریخی ‘ تہذیبی اور مذہبی اہمیت کو ملحوظ رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔ حکومت سنگاپور کو نئے صدر مقام کا ماسٹر پلان تیار کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے جو توقع ہے کہ آئندہ ماہ اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔ امراوتی کی تعمیر کیلئے ماسٹر ڈیولپرس کے انتخاب کی غرض سے عالمی سطح پر ٹنڈرس جاری کئے جائیں گے اور ’ سوئس چیلنج‘ طریقہ کار کے ذریعہ ڈیولپرس کا انتخاب عمل میں آئے گا ۔ ریاستی حکومت نے گذشتہ ہفتہ ایک سرکاری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے صدر مقام کے شہری ترقیاتی پروگرام کو 2013ء کے حصول اراضیات ‘ بازآبادکاری اور متبادل ٹھکانوں کی فراہمی کے قانون کے دوسرے اور تیسرے حصوں میںشامل بعض دفعات سے استثنی دیا ہے ۔