۔100 کروڑ روپیوں کی اجرائی ، وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ کے سرینواس
حیدرآباد /20 جون ( سیاست نیوز ) ریاست آندھراپردیش میں جرنلسٹوں کے ذاتی مکان کے خواب کو پورا کرنے کیلئے حکومت موثر اقدامات کر رہی ہے اور ان اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر ریاست میں جرنلسٹوں کیلئے امکنہ جات کی تعمیر کیلئے 100 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ حکومت آندھراپردیش مسٹر کے سرینواسلو نے اس بات کا اعلان کیا ۔ انہوں نے ریاستی سکریٹریٹ آندھراپردیش میں محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے محکمہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ حکومت آندھراپردیش مسٹر کے سرینواسلو نے کہا کہ ریاست میں ورکنگ جرنلسٹوں کیلئے تعمیر امکنہ جات اسکیم میں تیزی پیدا کرنے کیلئے حکومت نے اقدامات میں سرعت پیدا کردی ہے اور اس سلسلہ میں ہی حکومت نے جرنلسٹوں کیلئے تعمیر امکنہ جات کو جلد سے جلد مکمل کرنے کیلئے 100 کروڑ روپئے بھی جاری کرچکی ہے ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں غریب افراد کو دئے جانے والے 1.50 لاکھ روپیوں میں ایک لاکھ روپیوں کا اضافہ کرکے جرنلسٹوں کیلئے تعمیر امکنہ جات کو یقینی بنایا جائے گا ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ حکومت کے ان اقدامات کی وجہ سے جرنلسٹوں میں حکومت کے تعلق سے ایک نیا اعتماد پیدا ہوگا ۔