آندھراپردیش کے سرکاری ڈاکٹرس کو اعلی عہدوں پر ترقی

آئندہ پندرہ یوم اقدامات ، اسپیشل چیف سکریٹری پونم مالکونڈیا
حیدرآباد /26 ستمبر ( سیاست نیوز ) ریاست آندھراپردیش میں سرکاری ڈاکٹروں کو اعلی عہدوں پر ترقی دینے کے عمل کو آئندہ پندرہ یوم میں مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اسپیشل چیف سکریٹری ریاستی محکمہ صحت و طبابت شریمتی پونم بالکونڈیا نے یہ بات کہی اور ان کے دئے گئے تیقن پر گورنمنٹ ڈاکٹروں نے اپنی مجوزہ شروع کی جانے والی ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرلینے پر اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریمس ڈاکٹروں کو گورنمنٹ ڈاکٹرس کی حیثیت سے تسلیم کئے جانے پر ریاست کے گورنمنٹ ڈاکٹروں کو کسی بھی نوعیت کا نقصان نہ پہونچے جیسے اقدامات کئے جائیں گے ۔ شریمتی پونم مالکونڈیا نے کہا کہ آئندہ ماہ 22 اکٹوبر کو سرکاری ڈاکٹروں کے اسوسی ایشن عہدیداروں کے ساتھ ایک اور اجلاس منعقد کرکے ملاقات کی جائے گی ۔ اور مختلف موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں گورنمنٹ ڈاکٹرس اسوسی ایشن سے ہر ماہ ایک مرتبہ ملاقات کی جائے گی ۔