حیدرآباد۔5جنوری ( پی ٹی آئی) کرشنا ندی کے کنارے گرین فیلڈ دارالحکومت تعمیر کرنے کیلئے حکومت آندھراپردیش کی ہزاروں ایکڑ اراضی حاصل کرنے کی کوششوں کو سماجی کارکنوں اور اپوزیشن جماعتوں کی شدید تنقیدوں کا سامنا ہے ۔ حکومت نے گذشتہ ہفتہ اضلاع کرشنا اور گنٹور کے 7,068مربع کلومیٹر علاقہ کا احاطہ کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کیا جہاں 122مربع کلومیٹر پر دارالحکومت قائم کیا جائے گا ۔ سماجی کارکنوں پر مشتمل عوامی تحریک کے سربراہ ایم جی دیواشیم نے کہا کہ زرعی اراضی کو اس طرح تباہ و تاراج نہیں کیا جاسکتا ۔ ایک اور سماجی کارکن نے کہا کہ آندھراپردیش جیسی زرعی ریاست کیلئے سنگاپور ماڈل نہیں بن سکتا ۔ سیاسی جماعتوں نے بھی حکومت کے منصوبہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں ایکڑ کی زرعی اراضی کو ختم کیا جارہا ہے جو ناقابل قبول ہے۔