آندھراپردیش کے برقی کنٹراکٹر ملازمین کی اجرتوں میں غیر معمولی اضافہ

۔23 ہزار 580 ملازمین کو فائدہ ، حکومت کا فیصلہ ، وزیر برقی کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد /19 ستمبر ( سیاست نیوز ) حکومت آندھراپردیش نے ریاستی محکمہ برقی کی مختلف کمپنیوں میں کنٹراکٹ کی اساس پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کی تنخواہوں میں غیر معمولی اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس طرح برقی کے کنٹراکٹ ان اسکلڈ ملازمین کی موجودہ تنخواہ 7982 روپئے سے بڑھاکر 16472 روپئے کردی گئی ۔ سیمی اسکلڈ ورکرس کی موجودہ تنخواہ 9422 روپیوں سے 17,143 روپئے کی گئی ۔ اس کے علاوہ اسکلڈ ورکرس کی موجودہ تنخواہ 11,564 روپیوں سے بڑھاکر 20,597 روپئے کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ برقی کنٹراکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے مسئلہ پر ریاستی برقی ملازمین یونینوں نے آج ریاستی وزیر برقی مسٹر کلا وینکٹ راؤ کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں تفصیل سے بات چیت کی ۔ جبکہ گذشتہ چند دن قبل بھی ٹی این ٹی یو سی ،آئی این ٹی یو سی 327 اور آندھراپردیش برقی ملازمین یونینوں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین کے ساتھ بھی حکومت نے بات چیت کی تھی ۔ اجلاس میں بھی وزیر برقی نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا تھا ۔ لیکن آج کے اجلاس میں گذشتہ اجلاس کے موقع پر تجویز کردہ تنخواہوں کی رقم کے مقابلہ میں حکومت نے مزید دس فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت آندھراپردیش کے اس فیصلہ سے ریاست بھر میں اے پی ٹرانسکو اے پی جینکو ، ڈسکامس میں خدمات انجام دینے والے زائد از 23500 برقی کنٹراکٹ ملازمین کو فائدہ پہونچے گا۔