آندھراپردیش کے اسمبلی و پارلیمنٹ انتخابات میں 20 عہدیداروں کی قسمت آزمائی

جنا سینا سیاسی پارٹی سے آئی پی ایس وی وی لکشمی نارائن اور ٹی چندرشیکھر آئی اے ایس میدان میں

حیدرآباد۔24مارچ(سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں منعقد ہونے جا رہے ریاستی اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات میں 20 عہدیدار اپنی قسمت آزما رہے ہیں اور ان میں بیشتر عہدیدار اپنی خدمات سے رضا کارانہ سبکدوشی اختیار کرتے ہوئے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ریاست آندھرا پردیش میں انتخابات میں حصہ لینے والے گروپ I عہدیداروں کی تعداد سب کے لئے باعث حیرت بنی ہوئی ہے اور نئی سیاسی جماعت جنا سینا کے ٹکٹ پر کافی بڑی تعداد میں عہدیدار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ مسٹرپون کلیان فلم اداکار کی سیاسی جماعت جنا سینا سے انتخابات میں حصہ لینے والے عہدیداروں میں آئی پی ایس وی وی لکشمی نارائنا شامل ہیں جو کہ اپنی خدمات سے رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرنے کے بعد جنا سینا میں شمولیت اختیار کرچکے تھے وہ اب وشاکھا پٹنم حلقہ لوک سبھا سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ اسی طرح مسٹر ٹی چندر شیکھر آئی اے ایس نے جنا سینا کے ٹکٹ پر مشرقی گنٹور حلقہ اسمبلی سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسٹر ایم راما راؤ سینیئر آئی آر ایس عہدیدار نے جو حالیہ عرصہ میں اپنی خدمات سے رضاکارانہ طور پر سبکدوشی اختیار کی ہے انہو ںنے بھی جنا سینا سے سریکاکلم لوک سبھا سے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جناسینا نے انکے پلی حلقہ لوک سبھا سے مسٹر پارتھا سارتھی کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا جوکہ سابق آئی آر ایس عہدیدار ہیں۔ سابق ریاستی وزیر مسٹر آر کشور بابو بھی جنا سینا سے پارتھی پاڈو حلقہ اسمبلی سے مقابلہ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں اور وہ بھی سابق آئی آر ٹی ایس عہدیدار ہیں۔ مسٹر پون کلیا ن کی سیاسی جماعت سے مسٹر بھرت بھوشن آئی آر ایس نے حلقہ اسمبلی ویمورو سے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔تلگو دیشم پارٹی سے ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہونے والے سابق عہدیداروں میں باپٹلہ لوک سبھا امیدوار مسٹر ایم سری رام سابق آئی آر ایس‘مسٹر راما نجیلو سابق آئی اے ایس امیدوار حلقہ اسمبلی کوڈومور شامل ہیں۔وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والے سابق عہدیداروں میں سابق آئی جی جناب شیخ محمد اقبال امیدوار برائے حلقہ اسمبلی ہندو پور‘ مسٹر ایسورتنم سابق ڈی آئی جی امیدوار برائے حلقہ اسمبلی مغربی گنٹورکے علاوہ حلقہ اسمبلی نندی کوتکور حلقہ اسمبلی سے وائی ایس آر سی پی امیدوار آرتھر سابق پولیس عہدیدار ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کے عہدیداروں کے ہمراہ تعلقات اور سیاستدانوں کے عہدیداروں پر اثرات کے سبب عہدیداروں میں سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کرنے کے رجحان میں اضافہ ہوتا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ مستقبل قریب میں مزید عہدیداروں کی جانب سے سیاسی جماعتو ںمیں شمولیت اختیار کرنے کے اعلانات منظر عام پر آنے کی توقع ہے ۔