آندھراپردیش کی عوام کو ہر ماہ ایک دن کی تنخواہ عطیہ دینے کی اپیل

ریاست کو ہندوستان میں سرفہرست بنانے کا عزم، چیف منسٹر این چندرا بابو کا بیان
حیدرآباد ۔ 21 مارچ (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آندھراپردیش کو ملک بھر میں سرفہرست کرنے کیلئے آندھراپردیش کے عوام سے اپنے ہر ماہ کی تنخواہوں میں سے ایک دن کی تنخواہ عطیہ کے طور پر ریاستی حکومت کو دینے کی اپیل کی۔ رکاوٹوں کے باوجود ہر حال میں پٹو سیما پراجکٹ تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ضلع گنٹور کے تلور منڈل میں منعقدہ اگادی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ آندھراپردیش قدرتی وسائل سے مالامال ہے۔ ترقی کے بہت سارے مواقع ہیں ماحول آب و ہوا سب سازگار ہے۔ ریاست کی تقسیم میں کانگریس نے جو غلطیاں کی ہیں ان کا خمیازہ آندھراپردیش کے عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ تاہم وہ آندھراپردیش کو ملک بھر میں سرفہرست بنانے کا ویژن رکھتے ہیں اور خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کررہے ہیں۔ تاہم فنڈز کی قلت ترقی اور ان کے عزم کے درمیان حائل ہورہی ہے۔ آندھراپردیش میں تمام عصری سہولتوں سے لیس عالمی دارالحکومت قائم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں۔ 2 جون 2018ء تک شاندار راجدھانی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ چندہ وصول کرنے کیلئے وہ خصوصی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ چیف منسٹر آندھراپردیش نے کہا کہ ریاست کی ترقی اور دارالحکومت کے قیام میں عوام کو بھی حصہ دار بنایا جائے گا۔ عوام ہر ماہ اپنی تنخواہوں میں ایک دن کی تنخواہ حکومت کو عطیہ کے طور پر پیش کریں۔ وہ ریاست کو تیز رفتار ترقی دینے کے ساتھ ساتھ فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پٹو سیما پراجکٹ کی تعمیر کیلئے انہیں تلنگانہ سے اجازت حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اضلاع ایسٹ اور ویسٹ گوداوری عوام کی اس پراجکٹ کیلئے منظوری حاصل ہے۔ پٹو سیما پراجکٹ کی تعمیر پر سوال کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ کو کوئی اختیار نہیں ہے۔ سمندر سے دریائے گوداوری کا پانی حاصل کرنے کا آندھراپردیش کو مکمل اختیار ہے۔ وہ اسی پراجکٹ کی تعمیر کے معاملے نہ کسی کی نہیں سنیں گے اور نہ ہی کسی کے روکنے سے رکنے والے ہیں۔ ریاست کو مرکزی حکومت کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ این ڈی اے کی تلگودیشم حلیف جماعت مرکز سے بھی آندھراپردیش کو مکمل تعاون حاصل ہورہا ہے۔ وہ آندھراپردیش سے غنڈہ گردی کا خاتمہ کردیں گے اور خودکشی کرنے والے کسانوں کے ارکان خاندان کو فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء ادا کریں گے۔