آندھراپردیش کی راجدھانی کیلئے 9 رکنی کمیٹی کا قیام

نارائینا کمیٹی اندرون 10 یوم چندرابابو کو رپورٹ پیش کرے گی
حیدرآباد ۔ 20 ؍ جولائی (سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش نے نئی ریاست آندھراپردیش کی راجدھانی کے قیام کے تعلق سے ایک دو رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ جس کی قیادت مسٹر بی نارائینا وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات حکومت آندھراپردیش کریں گے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے نئی تشکیل دی گئی 9 رکنی کمیٹی نئی راجدھانی کی ہئیت ترکیبی اور اس کے خد و خال ‘ شعبہ ٹرانسپورٹ ‘ سڑکوں کی تعمیر وغیرہ کس طرح ہونی چاہئے اس کا تفصیلی جائزہ لے گی ۔ علاوہ ازیں بنیادی سہولتیں کس طرح ہونی چاہئے ۔ اور دیگر تمام سہولتیں کس طرح کی ہونی چاہئے ۔ اس تعلق سے ریاستی حکومت آندھراپردیش کو اپنی ایک مشاورتی رپورٹ کو اندرون دس یوم میں پیش کرنے کی نو تشکیل دی گئی کمیٹی کو بھی باقاعدہ طور پر حکومت نے ہدایت دی ہے اور اس توقع کا اظہار کیا کہ آئندہ دس یوم کے دوران حالات کا تفصلی جائزہ لیتے ہوئے یہ کمیٹی حکومت آندھراپردیش کو مقررہ وقت پر ہی اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔ حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی میں مسرس بی نارائینا (صدرنشین کمیٹی) ‘ وزیر بلدی نظم و نسق اس کمیٹی کے صدر ہوں گے ۔ جبکہ دیگر ارکان میں مسرس وائی ایس چودھری ‘ رکن پارلیمان ‘ جی جیادیو رکن پارلیمان ‘ بی متان راؤ ‘ جی وی سنجے ریڈی نائب صدرنشین جی وی کے گروپ بی سرینواس ‘ جی ایم ار گروپ ‘ ایم پربھاکر راؤ صدرنشین نزویڈ کمپنی‘ سی سرینواس راجو صدرنشین پیپل کیاپٹیل کے علاوہ پرنسپال سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق حکومت آندھراپردیش کمیٹی کے کنوینر ہوں گے ۔ اسی دوران وزیر بلدی نظم و نسق و صدرنشین کمیٹی برائے نئی راجدھانی آندھرپردیش مسٹر پی نارائینا نے کہا کہ اے پی راجدھانی کمیٹی آندھراپردیش ریاست کے عوام کے لئے قابل قبول علاقہ میں ہی نئی راجدھانی قائم کرنے کی تجویز پیش کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست آندھراپردیش کی نئی راجدھانی قائم کرنے کے لئے تجاویز پیش کرنے والے مرکزی حکومت کی جانب سے مسٹر شیواراما کرشنن کی زیر قیادت تشکیل دی گئی کمیٹی سے بھی وہ (نارائینا) اپنے ارکان کمیٹی کے ساتھ ملاقات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کی نئی راجدھانی کے کاموں کا اندرون چھ ماہ آغاز کر دیا جائیگا ۔