آندھراپردیش کی ترقی پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ

چیف منسٹر چندرا بابو کے جھوٹے بیانات ، کانگریس قائد و سابق وزیر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /27 ڈسمبر (سیاست نیوز) سینئر کانگریس قائد و سابق وزیر مسٹر سی رامچندریا نے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ چندرا بابو نائیڈو ایک جھوٹ کو دس دس مرتبہ دہرا کر اسی کو سچ ثابت کرکے تشہیر کرنے والے ’’جوسیل گوبیل‘‘ (ہٹلر کا مددگار) کے شاگرد میں تبدیل ہوچکے ہیں ۔ کڑپہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سی رامچندریا نے ریاست کی ترقی پر مشتمل فی الفور وائیٹ پیپر جاری کرنے کا چیف منسٹر سے مطالبہ کیا اور کہا کہ ریاستی ترقی کیلئے عہدیداروں کا تعاون حاصل نہ ہونے کا چیف منسٹر کی جانب سے اظہار کیا جانا انتہائی مضحکہ خیز ہے ۔ انہوں نے چندرا بابو سے استفسار کیا کہ عہدیداروں کا تعاون نہ ہونے کے باوجود سابقہ برسراقتدار قائدین کس طرح ریاست کی ترقی کو یقینی بنایا اور کہا کہ چیف منسٹر کی نااہلی کو عہدیداروں پر ذمہ داری عائد کرنا کس حد تک مناسب بات ہوگی ۔ مسٹر رامچندریا نے کہا کہ ضلع کڑپہ میں اسٹیل فیاکٹری کے قیام پر ہر روز ایک بیان دیتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔ تلگودیشم قائدین پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تلگودیشم قائدین جو سرپنچ انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کرسکتے ۔ انہیں گن مین فراہم کرنے اور انہیں (رامچندریا کو) فراہم گن مینوں کو واپس طلب کرنے چیف منسٹر کے اقدامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا ۔ جبکہ وہ سابق میں نائب صدرنشین اے پی قانون ساز کونسل ، مختلف پارلیمانی کمیٹیوں کے علاوہ سابق ریاستی وزیر رہنے کے باوجود ان کو (رامچندریا کو) فراہم کردہ گن مینوں سے دستبرداری اختیار کرلی گئی ۔