قانون حصول اراضی میں ترمیم پر زور ، رکن راجیہ سبھا کانگریس وی ہنمنت راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 22 ؍ فبروری ( سیاست نیوز) کانگریس رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے ریاست آندھراپردیش کے لئے خصوصی موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت نے ریاست کی تقسیم کی صورت میں آندھراپردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے تقسیم ریاست بل میں اسے شامل کیا تھا ۔ مسٹر ہنمنت راؤ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال کیلئے ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے کا ڈاکٹر منموہن سنگھ تیقن دیا تھا ۔ لیکن مرکز میں حکومت کی تبدیلی کے بعد مرکزی وزیر شہری ترقیات اس مسئلہ پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں جبکہ اس وقت وہ پانچ سال کی جگہ دس سال کے لئے خصوصی موقف کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست آندھراپردیش کو گرانٹس کی اجرائی پر کانگریس مرکز کی حمایت کرے گی ۔ انہوں نے وینکیانائیڈو کی جانب سے اختیار کردہ رویہ کو حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ۔ رکن پارلیمنٹ کانگریس نے بی جے پی حکومت کو قانونی حصول اراضی میں ترمیم پر کانگریس خاموش تماشائی نہیں رہے گی ۔ انہوں نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندراشیکھرراو سے مطالبہ کیا کہ مرکز پر دباو ڈالنے کے لئے وہ تلنگانہ اسمبلی میں قرارداد منظور کرے اور کسانوں کے اراضیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے ساتھ ساتھ کونسل میں بھی قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر دباو ڈالنے کی ضرورت ہے ۔