حیدرآباد۔/4فبروری، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی پی رام کرشنا ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی زبردست ستائش کی اور آندھرا پردیش میں کے سی آر جیسی قیادت کی ضرورت ظاہر کی۔ رام کرشنا ریڈی نے ورنگل کے قاضی پیٹ میں منعقدہ بال وکاس سلور جوبلی تقاریب میں حصہ لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ستائش کی اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سی ایم کے سی آر جیسی قیادت آندھرا پردیش میں نہیں ہے جس کا انہیں دکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے کے سی آر کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانی میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں کوئی فرق نہیں لیکن آندھرا پردیش میں موقع پرست سیاست چل رہی ہے، وہاں غریبوں کی صورتحال پر توجہ دینے والے حکمراں نہیں ہیں۔ رام کرشنا ریڈی نے وزیر آبپاشی ہریش راؤ کی بھی ستائش کی اور کہا کہ ایسے وزیر کا ہونا ریاست کیلئے اچھی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں میڈیا مینجمنٹ کے سوا مسائل پر توجہ دینے والے نہیں ہیں۔