آندھراپردیش کو ممکنہ مدد کیلئے نوین پٹنائک کا تیقن

بھوبنیشور۔ 12؍ اکٹوبر ( پی ٹی آئی) اڈیشہ کے چیف منسٹر نوین پٹنائک نے آج آندھراپردیش میں اپنے ہم منصب این چندرابابونائیڈو کو یقین دلایا کہ طوفان ہد ہد سے بری طرح متاثر پڑوسی ریاست کو درکار تمام ضروری مدد مہیا کی جائیگی ۔ نوین پٹنائیک آج شام چندرابابو سے فون پر بات چیت کے دوران یہ تیقن دیا ۔ چیف منسٹر کے دفتر کے ایک عہدیدار نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’ پٹنائیک نے آندھراپردیش میں مابعد طوفان شروع کئے جانے بحالی و بازآبادی کے کاموں میں بھرپور مدد کا تیقن دیا ہے ‘‘ ۔ پٹنائک سے بات چیت کے دوران چندرابابو نے برقی سربراہی کی بحالی اور درختوں کو کانٹتے ہوئے سڑکوں کی صفائی کے لئے درکار عملہ اور مشین فراہم کرنے کی خواہش کی جس پر نوین پٹنائک نے چندرابابو کو مطلع کیا کہ سڑکوں کی صفائی کے ساتھ درختوں کو کاٹنے کی مشینوں اور ٹیموں کو فی الفور روانہ کیا جائیگا ۔ علاوہ ازیں برقی کی بحالی کے لئے تمام درکار آلات مہیا کئے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ 1999 میں جب ریاست اڈیشہ طوفان سے بری طرح متاثر ہوئی تھی آندھراپردیش وہ پہلی ریاست تھی جو اس کی مدد کے لئے آگے آئی تھی ۔