آندھراپردیش کو خصوصی موقف کیلئے وائی ایس آر کانگریس کے احتجاج میں شدت

آج ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ کا گھیراؤ ، ٹی رگھو رام ترجمان پارٹی کا بیان
حیدرآباد /28 فروری ( سیاست نیوز ) وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آندھراپردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے کے مطالبہ پر اور خصوصی موقف حاصل کرنے کیلئے ا حتجاج میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا اور یکم مارچ کو ریاست میں تمام ڈسٹرکٹ کلکٹوریٹ دفاتر کا گھیراؤ کرنے 5 مارچ سے دوبارہ شروع ہونے والے پارلیمانی اجلاس کے موقع پر دہلی میں واقع جنتر منتر کے پاس دھرنا پروگرام منظم کیا جائے گا ۔ مسٹر ٹی رگھو رام جنرل سکریٹری وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے اخباری نمائندوں کو اس بات سے واقف کروایا اور بتایا کہ ریاست کیلئے خصوصی موقف کے حصول سے متعلق واحد مطالبہ پر یکم مارچ کو ریاست آندھراپردیش کے 13 اضلاع کے کلکٹر آفسوں کا محاصرہ کیا جائے گا ۔ عوام کی کثیر تعداد کے ساتھ وائی ایس آر کانگریس پارٹی اس احتجاجی پروگرام میں حصہ لیں گے ۔ ڈسٹرکٹ کلکٹوریٹس کے محاصرہ پروگرام کے پیش نظر صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی اپنی جاری پد یاترا کو دو یوم کیلئے روک دیں گے اور 3 مارچ سے دوبارہ اپنی پد یاترا کا مسٹر جگن موہن ریڈی آغاز کریں گے ۔ علاوہ ازیں پارلیمانی بجٹ سیشن کے دوسرے مرحلہ کے تحت 5 مارچ سے شروع ہونے والے اجلاس میں شرکت کیلئے ارکان پارلیمان وائی ایس آر کانگریس پارٹی دہلی کو روانہ ہوں گے ۔ جنرل سکریٹری پارٹی نے بتایا کہ ریاست کو خصوصی موقف فراہم کرنے کے مطالبہ پر لوک سبھا کی رکنیت سے استعفی دینے کیلئے وائی ایس آر پارٹی کے ارکان پارلیمان تیار رہنے سے متعلق کئے گئے اعلان کی روشنی میں وائی ایس آر کانگریس کے ارکان پارلیمان صدر پارٹی جگن موہن ریڈی سے ملاقات کرنے کے بعد ہی دہلی روانہ ہوں گے ۔