تقسیم ریاست کے بعد کانگریس مسائل سے دوچار، ڈگ وجئے سنگھ کااعتراف
حیدرآباد ۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے سیما۔ آندھرا (آندھراپردیش) میںکانگریس مسائل سے دوچار ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے پارٹی کے استحکام کیلئے سپاہیوں کی طرح کام کرنے کا کانگریس قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا۔ گاندھی بھون کے احاطے آندھراپردیش کانگریس پارٹی کیلئے اندرا بھون کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آندھراپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مسٹر این راگھوویرا ریڈی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مسٹر پنالہ لکشمیا مرکزی وزاء چرنجیوی، پلم راجو، مسٹر کلی کروپارانی سابق پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مسٹر بی ستیہ نارائنا، ارکان راجیہ سبھا ڈاکٹر کے وی پی رامچندر راؤ، مسٹر ٹی سبی رام ریڈی سابق وزراء اے رام نارائن ریڈی، ڈی مانکیا، ورا پرساد کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ایک قدیم مسئلہ کو ہمشیہ کیلئے حل کرتے ہوئے عوام کو بہت بڑی راحت فراہم کی ہے۔ ان دونوں علاقوں کے قائدین اپنی اپنی ریاستوں کی ترقی کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کریں۔
ترقی اور فلاح و بہبود کے معاملہ میں تعمیری رول ادا کرتے ہوئے اپنی اپنی ریاست کو رول ماڈل کی طرز پر ترقی دینے میں تعاون کریں اور تلگو عوام ہمیشہ ایک دوسرے سے خوشگوار تعلقات برقرار رکھیں۔ بعدازاں انہوں نے اندرابھون میں آندھراپردیش کی منشور اور تشہیری کمیٹی سے اجلاس طلب کرتے ہوئے سیما۔ آندھرا میں کانگریس پارٹی کو مستحکم بنانے کیلئے قائدین کی جانب سے تجاویز طلب کی۔ تمام حلقوں پر زبردست مقابلہ دینے والے امیدواروں کا انتخاب کرنے اور منشور کمیٹی کیلئے بہترین سفارشات کرنے پر زور دیا۔ سیما۔ آندھرا میں سونیا گاندھی۔ راہول گاندھی کے علاوہ دوسرے سینئر قائدین کے انتخابی جلسے، ریالیاں منظم کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا۔ سیما۔ آندھرا کے قائدین نے انہیں بتایا کہ ریاست کی تقسیم سے عوام میں کانگریس کیلئے ناراضگی پائی جاتی ہے۔
ڈگ وجئے سنگھ نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ عوام کو بتائیں کہ پہلے تمام سیاسی جماعتوں نے تلنگانہ کی تائید کی ہے اور سب سے آخر میں کانگریس نے تائید کی ہے۔ کانگریس نے ریاست کو تقسیم کیا ہے مگر سیما۔ آندھرا کے مفادات کا پورا پورا خیال رکھا ہے۔