آندھراپردیش پولیس اصلاحات بل منظور

ڈی جی پی کی معیاد دو سال مقرر ، وزیر داخلہ کا بیان
حیدرآباد /5 ستمبر ( پی ٹی آئی ) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی نے اے پی پولیس ( اصلاحات ) بل 2014 منظور کرلیا جس کے مطابق ریاستی پولیس کے سربراہ ڈائرکٹر جنرل پولیس کی معیاد دو سال مقرر ہوگئی ہے ۔ پرکاش سنگھ کیس میں سپریم کورٹ فیصلہ کی ہدایت پر تعمیلکیلئے یہ قانون ساز کی گئی ہے جو ڈائرکٹر جنرل پولیس ( ڈی جی پی ) کی معیاد کے تعین کیلئے 20 جولائی کو جاری آرڈیننس کی جگہ لے گی ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی طرف سے ایوان میں بیان دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نما کائلہ چنا راجپا نے جن کے پاس وزارت داخلہ کا قلمدان بھی ہے ۔ کہا کہ ’’ چنانچہ قانون سازی کے ذریعہ (مدت کے تعین کا) فیصلہ کیا گیا ‘‘ انہوں نے کہا کہ بہترین ریکارڈ کے حامل پانچ انتہائی سینئیر پولیس افسران کے منجملہ کسی ایک کا ڈی جی پی کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آئے گا جس کے بعد سبکدوشی کی تاریخ کا لحاظ کئے بغیر دو سال تک اس عہدہ پر تعین کیا جائے گا ۔ معیاد مقرر رہے گی اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی ۔