آندھراپردیش میں ہر غریب فرد کو ذاتی مکان میرانصب العین : چندرا بابو

گرام درشنی پروگرام پر ٹیلی کانفرنس ، چیف منسٹر کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد یکم / اگست ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش ریاست میں ہر ایک کیلئے ذاتی گھر کے خواب کو پورا کرنے کی ذمہ داری ان کی ہے ۔ غریب و اہل افراد کے خواب کو پورا کرنے کیلئے ریاستی تلگودیشم پارٹی نے ریاست بھر میں جملہ 19 لاکھ مکانات کی تعمیر کا آغاز کیا ہے اور بہت جلد یہ تمام مکانات مکمل ہونے کے ساتھ ہی ریاست کے اہل و غریب افراد میں تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ آج اپنے دورہ وشاکھاپٹنم کے موقع پر ایس رایاورم منڈل کے گڈی واڑہ موضع میں گرام درشنی پروگرام کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تمام اہل افراد کو مکانات تعمیر کرکے فراہم کئے جائیں گے ۔ ریاست میں کاپو طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے ریاستی بجٹ میں ایک ہزار کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ مزید کہا کہ تلگودیشم کا قیام عمل میں آنے کے بعد ہی پسماندہ طبقات کی بہبود پر حکومت نے ہی اولین ترجیح دی ۔ جس کی وجہ سے آج پسماندہ طبقات تلگودیشم کیلئے ریڑھ کی ہڈی تصور کئے جاتے ہیں ۔ لہذا پسماندہ طبقات کو کسی نقصان کے بغیر کاپو طبقات کو تحفظات فراہم کئے جائیں گے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ریاست کی تیز رفتار ترقی جاری رہنے پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین عوام کو اکسانے جیسی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آر پارٹی قائدین من مانی انداز میں باتیں کر رہے ہیں ۔ اب جبکہ یہ معاملہ مرکزی وزارت کے پاس زیر تصفیہ ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس سے ردعمل ظاہر کرنے کی ضرورت کیا ہے ۔ قبل ازیں چیف منسٹر گرام درشنی پروگرام کے تعلق سے عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سرپنچوں کے عہدوں کی معیاد مکمل ہونے کے باوجود جاری کاموں کو روکے بغیر اقدامات کرنے کی ہدایت دیں ۔