2029ء تک ریاست مکمل طور پر سرسبز و شاداب
چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈوکا ادعا
حیدرآباد ۔ 14 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ریاست بھر میں ہر سال کم از کم 50 کروڑ پودوں کی شجرکاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ ریاست آندھراپردیش میں فی الوقت صرف 26 فیصد جنگلاتی علاقہ ہے۔ لہٰذا سال 2029ء تک آندھراپردیش کے 50 فیصد حصہ کو سرسبز بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر آج ’’ونم ۔ منم‘‘ (شجرکای اور ہم) پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا کہ ریاست بھر میں آج ایک ہی دن میں ایک کروڑ پودوں کی شجرکاری عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال کے دوران ریاست بھر میں 25 کروڑ پودوں کی شجرکاری عمل میں لائی جائے گی اور آئندہ سال سے ریاست بھر میں ہر سال کم از کم 50 کروڑ پودوں کی شجرکاری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے آج ریاستی سطح پر ’’ونم ۔ منم‘‘ پروگرام کا ٹریپل آئی ٹی کالج نوزویڈو میں افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ریاست بھر میں یہ پروگرام جاریہ سال 127 یوم تک روبہ عمل لایا جائے گا اور آج لگائے گئے ایک کروڑ پودوں کے بشمول جاریہ سال جملہ 26 کروڑ پودوں کی شجرکاری عمل میں لائی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ عوام اور طلباء میں پودوں کی شجرکاری کی اہمیت و افادیت سے واقف کروانے کیلئے 3420 ایکوکلبس (ECO-CLUBS) کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ریاست کے تمام اضلاع میں پودوں کی شجرکاری کیلئے منعقدہ پروگرامس میں ریاستی وزراء، ارکان اسمبلی و پارلیمان اور عہدیداروں نے بھی حصہ لیا۔