کسانوں کے حادثات و نقصانات ، بچوں کو اسکالر شپس کے لیے مددگار ، چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد ۔ /28 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج ’’چندرنا ریتو بیمہ ‘‘ اسکیم کے آغاز کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاریہ ماہ سے ہی ریاست میں کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اس اسکیم کو متعارف کیا جارہا ہے ۔ اسکیم کے ذریعہ حادثاتی طور پر کسی کسان کی موت واقع ہو تو پانچ لاکھ روپئے بیمہ اور معذوری کی صورت میں دو لاکھ روپئے فراہم کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں کسانوں کے بچوں کو اسکالر شپس فراہم کئے جائیں گے ۔ آفات سماوی و غیر موسمی بارش ، سیلاب و طوفان وغیرہ سے کسانوں کو زبردست نقصانات سے دوچار ہورہے ہیں ۔ جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت سے متاثرہ کسانوں کو زرعی کھاد ، تخم وغیرہ فراہم کئے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر جو ضلع سریکا کلم کے آمددالا ولسا منڈل کے مواضعات میں دورہ کررہے تھے اعلان کیا کہ وسادھارا اور ناگاولی ندیوں کو ایک دوسرے سے مربوط کئے جائیں گے اور نارائینا پورم ، اریگیشن پراجکٹ کی تزئین نو کی جائے گی ۔ جبکہ (13) لفٹ اریگیشن اسکیموں کے کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔چیف منسٹر نے کسانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بارش وغیرہ کی کمی کے پیش نظر متبادل فصلوں پر بھی اپنی توجہ مرکوز کریں اور زرعی اغراض کیلئے دستیاب عصری ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے کسانوں سے پرزور خواہش کی ۔