آندھراپردیش میں مخالف تلگودیشم لہر: بی جے پی

حیدرآباد /3 اپریل ( سیاست نیوز ) بی جے پی کے سینئیر قائد و رکن پارلیمان مسٹر جی وی ایل نرسمہا راؤ نے کہا کہ ریاست آندھراپردیش میں مخالف تلگودیشم پارٹی لہر چل رہی ہے اور چندرا بابو نائیڈو کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں مسٹر نائیڈو کی قیادت میں مافیا حکومت چل رہی ہے اور اس طرح ریاست آندھراپردیش میں نچلی سطح سے یعنی دیہی سطح تا ریاستی سطح تک کرپشن ہی کرپشن پایا جاتا ہے اور کہیں بھی کسی بھی سطح پر کرپشن کے بغیر کوئی بھی کام انجام نہیں دیا جارہا ہے ۔ آج اخباری نمائندوں سے وجئے واڑہ میں بات چیت کرتے ہوئے مسٹر جی وی ایل نرسمہا راؤ نے مسٹر چندرا بابو کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ وزیر اعظم کے عہدے کا بھی کوئی پاس و لحاظ رکھنے بغیر مسٹر نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنانے کا کوئی حق مسٹر چندرا بابو نائیڈو کو حاصل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت مسٹر چندرا بابو نائیڈو کی سیاسی سبکدوشی کا وقت قریب آچکا ہے اور آئندہ ماہ 11 اپریل کو منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں تلگودیشم پارٹی کو کم از کم اپوزیشن قائد کا عہدہ بھی حاصل نہیں ہوسکے گا ۔