امراوتی ہیپی نیسٹ پراجکٹ پر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس ، چیف منسٹر چندرا بابو کا خطاب
حیدرآباد ۔ /31 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے حکومت کی جانب سے انجام دیئے جانے والے ’’عوام کیلئے تعمیر کئے جانے والے امکنہ پراجکٹ کو انتہائی شفاف انداز میں انجام دینے اور ریاستی راجدھانی میں انجام دیئے جانے والے مذکورہ پہلے امکنہ پراجکٹ کو مثالی بنانے کا عہدیداران متعلقہ کو مشورہ دیا اور /8 نومبر سے ویب پورٹل عوام کیلئے دستیاب رکھنے کی بھی ہدایت دی۔ علاوہ ازیں ’’امرواتی ہیپی نیسٹ پراجکٹ ‘‘ مرتب کرکے عوامی توقعات و اندازوں کے مطابق ’’ہیپی نیسٹ ‘‘ پراجکٹ کو مکمل کرنے کیلئے متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں ۔ آج امراوتی میں سی آر ڈی اے حدود میں جاری تعمیری کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے چندرا بابو نے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اہم اجلاس طلب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی مکانات خریدنے کے خواہشمند سرکاری ملازمین اور سرکاری عہدیداروں کیلئے ’’ہیپی نیسٹ ‘‘ کے خطوط پر تعمیر امکنہ جات پراجکٹ کو انجام دیا جانا چاہئیے ۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے نیلا پاڈو کے مقام پر (14.46) ایکڑ اراضی کے رقبہ پر تعمیر امکنہ پراجکٹ کو انجام دینے کی ہدایات دیں ۔ جبکہ بتایا جاتا ہے کہ (12) ٹاورس میں (1200) فلیٹس تعمیر کرنے کی تجاویز حاصل ہوئی ہیں ۔ لہذا پہلے مرحلہ میں (6) چھ ٹاورس میں (600) فلیٹس گراؤنڈ پلس (18) منزلہ کی اساس پر تعمیر کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دیں ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ویب پورٹل میں فلیٹس کا مکمل مشاہدہ کرلینے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے تھری ڈی گرافکس فراہم کرنے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے راجدھانی میں انجام دیئے جانے والے ہر پراجکٹ کی تعمیر کیلئے واضح منصوبہ کو تیار کرلینے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دیں ۔