آندھراپردیش میں علحدہ ایمسیٹ کا انعقاد

جے این ٹی یو کاکناڈا کو ذمہ داری، کابینہ کا فیصلہ
حیدرآباد۔2فبروری( سیاست نیوز) آندھراپردیش کابینہ کا ایک اہم اجلاس آج یہاں سکریٹریٹ آندھراپردیش میں منعقد ہوا ۔ چیف منسٹر مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے صدارت کی اور چند اہم موضوعات پر تفصیلی غوروخوص کرتے ہوئے اہم فیصلے کئے گئے ۔ آج شام سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں کو کابینہ کے فیصلوں سے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ مسٹر پی رگھوناتھ ریڈی نے واقف کروایا اور بتایا کہ حکومت آندھراپردیش نے ایمسیٹ 2015ء اپنے طور پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے انعقاد کی ذمہ داری جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کاکناڈا کو تفویض کی گئی ۔ یہ ایمسیٹ صرف آندھراپردیش کیلئے مختص ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایمسیٹ کے انعقاد کے علاوہ آندھراپردیش میں غیر مجاز تعمیرات کو باقاعدہ بنانے ، قرضوں کی معافی کے مسئلہ پر ضلع واری اساس پر جائزہ لینے ، سوائن فلو وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے سخت اقدامات کرنے ، ایکسیڈنٹ زونس ( حادثاتی علاقوں) کے طور پر (1100) علاقوں ( مقامات) کی نشاندہی کرتے ہوئے موثر اقدامات کرنے سڑک حادثوں کا تدارک کرنے ضروری اقدامات کرنے متحدہ آندھرا جدوجہد کے دوران جہدکاروں کے خلاف درج کردہ تمام مقدمات سے دستبرداری اختیار کرنے، ریلوے کے کیسیس سے دستبرداری کیلئے مرکزی حکومت سے موثر نمائندگی کرنے ،13ویں فینانس کمیشن سے 3ہزار کروڑ روپئے کی عاجلانہ حصولی کیلئے اقدامات کرنے کے فیصلے بھی کئے گئے ۔